• Wed, 18 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سعودی عرب: ریانہ برناوی خلاء میں جانے والی پہلی عرب خاتون، گنیز ریکارڈ میں شامل

Updated: October 01, 2024, 6:59 PM IST | Riyadh

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانہ برناوی کا نام عالمی گنیزریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پورے عرب وہ پہلی خاتون خلاء باز ہیں جنہوں نے خلاء کا سفر کیا، انہوں نے خلاء میں ۸؍ دن گزارے ، جہاں انہوں نے کئی تجربات ، اور تحقیق کی۔

Saudi Arabia`s first female astronaut Rayyanah Barnawi. Photo: INN
سعودی عرب کی پہلی خاتون خلاء باز ریانہ برناوی۔ تصویر: آئی این این

عرب کی پہلی خاتون خلاء بازریانہ برناوی کا پہلا خلائی سفر گنیز ورلڈ ریکارڈٖ میں درج ہو گیا ہے۔پیر کو ادارے نےاس کی تصدیق کر دی۔ وہ۲۱؍ مئی ۲۰۲۳ء کوفلوریڈا کے کیپ کناویرل سے شروع ہونے والے ایکزوم مشن دوم کا حصہ تھیں۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والے اس سفر میں ان کے ساتھ دیگر سعودی خلاء بازعلی القرنی بھی تھے۔اپنے سفر میں برناوی نے پہلے پیغام میں کہا کہ ’’ یہ سفر فقط میری نمائندگی نہیں کر رہا،بلکہ پورے عرب اور تمام سعودیوں کی نمائندگی کر رہاہے۔ہم اس خواب کو حقیقت میں تبدیل ہوتا دیکھ رہے ہیں جو ایک وقت ناممکن معلوم ہوتا تھا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نے اوسطاً ہر تین گھنٹہ میں غزہ کے بنیادی ڈھانچہ پر حملہ کیا: آکسفیم رپورٹ

پہلی عرب خاتون خلاء باز برناوی اور القرنی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں ۸؍ دن گزار کے ۳۱؍ مئی کو لوٹ آئے۔اس دوران انہوں نے مائیکرو گریویٹی پر ۱۴؍پروجیکٹ پر تحقیق کی۔اس کے علاوہ ان میں سے تین کائٹ تجربے تھے جن میں پوری مملکت سے ۱۲۰۰؍ اسکولی طلبہ نے سیٹیلائٹ کے ذریعے شمولیت اختیار کی۔ اپنے مشن میں سعودی خلاء باز برناوی نے تجربات کے کئی معرکے سر کئے، ان میں مدافعتی خلیوں کا رد عمل، اور مائیکرو گریویٹی کا حیاتیاتی عمل پر اثر اہم ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: باکسنگ مقابلہ میں آفتاب شیخ، ایاز خان اور محمد قیس نے گولڈ میڈل جیتا

برناوی نے اپنا کیریئر سائنسی علم کو حاصل کرنے میں صرف کیا ہے، خاص طور پر کینسر کے اسٹیم سیل کے شعبے میں۔ انہوں نے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں کام کیا اور نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں اوٹاگو یونیورسٹی سے جینیاتی انجینئرنگ اور ٹشو ڈیولپمنٹ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے ریاض کی الفیصل یونیورسٹی سے بائیو میڈیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔انہوں نے یہ عالمی ریکارڈ اپنے پیش رو مملکت کے شہزادہ سلطان بن سلمان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قائم کیا جو ۱۹۸۵ء میں خلاء میں جانے والے پہلے عرب تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK