• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھارت جوڑو یاترا کی دوسری سالگرہ، راہل گاندھی نے محبت اور امید کا پیغام دہرایا

Updated: September 07, 2024, 3:50 PM IST | New Delhi

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کا آغاز ۷؍ ستمبر ۲۰۲۲ء کو شروع اور ۳۰؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو ختم ہوا تھا۔ انہوں نے کنیا کماری سے کشمیر تک پیدل سفر طے کیا تھا تاکہ اس راہ میں عام لوگوں سے ملاقات کرکے ان کی تکالیف جان سکیں۔ آج اس کی دوسری سالگرہ کے موقع پر راہل گاندھی نے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ اس یاترا نے مجھے خاموشی کی خوبصورتی سے روشناس کروایا ہے۔

Rahul Gandhi during Bharat Jodu Yatra. Photo: INN.
راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے دوران۔ تصویر: آئی این این۔

’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کو ایک ایسے تجربے کے طور پر سراہتے ہوئے جس نے آواز بلند کرنا سکھایا، راہل گاندھی نے آج اس یاترا کی دوسری سالگرہ کے موقع پر اسے ’’ہماری پیاری بھارت ماتا‘‘ کی حقیقی نمائندگی کے طور پر بیان کیا۔ انہوں نے اپنے ایکس پر لکھا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا نے مجھے خاموشی کی خوبصورتی سکھائی۔ پرجوش ہجوم اور نعروں کے درمیان، میں نے شور کو کم کرنے اور اپنے ساتھ والے شخص پر پوری توجہ مرکوز کرنے کی طاقت کو تلاش کیا، صحیح معنوں میںاسے سننے کیلئے۔‘‘ بھارت جوڑو یاترا کے تحت انہوں نے کنیا کماری سے کشمیر تک کے ۳؍ ہزار ۵۷۰؍ کلومیٹر کا سفر پیدل طے کیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ کنیا کماری سے کشمیر تک مارچ پارٹی کیلئے ’’بڑے پیمانے پر بوسٹر ڈوز‘‘ ثابت ہوا۔ 

کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ راہل گاندھی اور بھارت جوڑو یاتریوں نے کنیا کماری سے کشمیر تک پیدل طے کئے گئے فاصلے نے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں محبت، باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا بے مثال عوامی شعور بیدار کیا۔کھرگے نے ہندی میں ایک پوسٹ میں کہا کہ، ’’بھارت جوڑو یاترا کی دوسری سالگرہ کے موقع پر، میں ملک کے لوگوں سے صرف آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہماری جدوجہد معاشی عدم مساوات، مہنگائی، بے روزگاری، سماجی ناانصافی، آئین کی تباہی، اقتدار کی مرکزیت جیسے مسائل پر جاری ہے۔جبکہ بھارت جوڑو یاترا ایک سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے، ہم اتحاد اور شمولیت کی لچکداری کا جشن مناتے ہیں جو اس نے ہندوستان کے متنوع مناظر میں بُنی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مادھوی پوری پر کروڑوں کی غیر قانونی کمائی کا نیا الزام

راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں یاترا کے بنیادی پیغام کو دہرایا، جو نفرت پر محبت اور خوف پر امید کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے یہ سفر شروع کیا تھا تو میں نے کہا تھا کہ محبت نفرت پر فتح حاصل کرے گی اور امید خوف کو شکست دے گی، آج ہمارا مشن ایک ہی ہے ۔ بھارت ماتا کی آواز کو یقینی بنانا، محبتکی آواز ہمارے پیارے ملک کے ہر کونے میں سنائی دیتی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت جوڑو یاترا ۷؍ ستمبر ۲۰۲۲ء میں شروع ہوئی تھی جس نے ۱۴۵؍ دنوں میں ۱۲؍ ریاستوں اور ۲؍ یوٹیز کے ۷۵؍ اضلاع اور ۷۶؍ لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK