• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شیئر بازار نئی بلندیوں پر، آئی ٹی اور ٹیک شیئر میں تیزی

Updated: July 19, 2024, 1:48 PM IST | Agency | Mumbai

سینسیکس اور نفٹی نے ریکارڈ ’آل ٹائم ہائی‘ کے ہندسہ کو چھوا،بڑی کمپنیوں کے شیئرز میں خریداری جبکہ ’اسمال کیپ شیئرز‘ میں فروخت کا رجحان رہا۔

Investors are similarly eyeing the index hitting new highs. Photo: INN
نئی بلندیوںپر گامزن انڈیکس پر سرمایہ کاروں کی اسی طرح نگاہیں ٹکی ہوئی ہیں۔ تصویر : آئی این این

گھریلو شیئر بازار میں جمعرات کو مسلسل دوسرے روز تیزی کا رجحان رہا۔ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی گروپ کے حصص کی زبردست خریداری نے جمعرات کو شیئر بازار کے دونوں  اہم انڈیکس کو نئی بلندی پر پہنچادیاہے۔ عالمی بازار کی تیزی، گھریلو بازار کے فروخت کے رجحان پر حاوی ہوئی اور اس طرح بازار نے نئے ’آل ٹائم ہائی‘کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ 
بی ایس ای کا۳۰؍ شیئروں پر مشتمل حساس انڈیکس سینسیکس۶۲۶ء۹۱؍ پوائنٹس یعنی۰ء۷۸؍ فیصد کے اضافے کے ساتھ پہلی بار۸۱؍ ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کو عبور کر کے۸۱۳۴۳ء۴۶؍ پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی۱۸۷ء۸۵؍پوائنٹس یعنی ۰ء۷۶؍ فیصد مضبوط ہوکر۲۴۸۰۰ء۸۵؍ پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ تاہم ٹریڈنگ کے دوران بڑی کمپنیوں کے برعکس بی ایس ای کی درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں منافع وصولی ہوئی جس کی وجہ سے مڈ کیپ۰ء۹۹؍ فیصد گر کر۴۷۳۵۱ء۹۰؍ پوائنٹس اور اسمال کیپ ۱ء۱۵؍ فیصد گر کر۵۳۶۷۵ء۹۲؍ پوائنٹس پر آگیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امسال خریف کی پیداوار بہتر ہونے سے معیشت کے استحکام کی امید

اس دوران بی ایس ای میں کل ملاکر۴۰۱۶؍ کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا جن میں سے۱۴۲۴؍ میں خریداری۲۵۰۰؍ میں فروخت ہوئی جبکہ۹۲؍ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی۳۵؍ کمپنیوں میں اضافہ ہوا جبکہ۱۵؍ میں گراوٹ آئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات عالمی سطح پر مارکیٹوں کو متاثر کرنے والا ایک بڑا عنصر ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں سے اشارہ ملتا ہے کہ اب ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے امکانات زیادہ ہیں۔ ٹرمپ کے صدر بننے کا مطلب امریکہ میں درآمدات پر زیادہ ٹیرف ہے، خاص طور پر چین سے۔ مزید برآں، ٹرمپ ایک کمزور ڈالر کے حق میں ہیں۔ 
 ڈالر پہلے ہی گرنا شروع ہو چکا ہے اور ڈالر انڈیکس اب ۱۰۳ء۶۸؍ پر ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سونے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ کے نقطہ نظر سے مثبت بات یہ ہے کہ ڈالر کے کمزور ہونے سے مقامی مارکیٹ میں غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا، جس سے مارکیٹ میں لچک آئے گی۔ اس سے سرمایہ کاری کے جذبات کو تقویت ملی اور بی ایس ای کے آٹھ گروپوں بشمول آئی ٹی اور ٹیک میں بھاری خریداری ہوئی۔ اس دوران آئی۱ء۸۴، ٹیک۱ء۸۴، ایف ایم سی جی۰ء۸۶، فائنانشیل سروسیز۰ء۲۱، ہیلتھ کیئر۰ء۰۵، ٹیلی کام۰ء۶۳، آٹو۰ء۳۵؍ اور بینکنگ گروپ کے حصص میں ۰ء۴۸؍ فیصد اضافہ ہوا۔ بین الاقوامی سطح پر رجحان مثبت رہا۔ جس کی وجہ سے برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای۰ء۷۶، جرمنی کا ڈی اے ایکس۰ء۲۱، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ۰ء۲۲ اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ۰ء۴۸؍ فیصد مضبوط رہا جبکہ جاپان کا نکیئی۲ء۳۶؍ فیصد گر گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK