ممبرا میں شیئرنگ آٹو رکشا سے سفر آج بروز سنیچر،۲۹ ؍مارچ سے مہنگا ہو جائے گا کیونکہ یہاں کی آٹو رکشا یونین کی جانب سے رکشا کے کرایے میں کم از کم ۵؍ روپے کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 29, 2025, 10:04 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra
ممبرا میں شیئرنگ آٹو رکشا سے سفر آج بروز سنیچر،۲۹ ؍مارچ سے مہنگا ہو جائے گا کیونکہ یہاں کی آٹو رکشا یونین کی جانب سے رکشا کے کرایے میں کم از کم ۵؍ روپے کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ممبرا میں شیئرنگ آٹو رکشا سے سفر آج بروز سنیچر،۲۹ ؍مارچ سے مہنگا ہو جائے گا کیونکہ یہاں کی آٹو رکشا یونین کی جانب سے رکشا کے کرایے میں کم از کم ۵؍ روپے کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اب ایک سیٹ کا کم از کم کرایہ ۱۰؍ روپے سے بڑھ کر ۱۵؍ روپے لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی آٹو رکشا یونین نے میٹر سے چلنے والے آٹو رکشا کی سہولت بھی شروع کرنے کا یقین دلایاہے۔ کرایے میں اضافہ کو ممبرا کی سبھی ۶؍ مختلف آٹو رکشا یونینوں نے منظوری دی ہے۔
اس ضمن میں سنگھرش رکشا یونین ممبرا کے کار گزار صدر سندیپ کاجلے نے انقلا ب کو بتایا کہ ’’آٹورکشا کے میٹر کا کرایہ اب تک ۳؍ مرتبہ بڑھا یا جاچکا ہے لیکن ممبرا میں شیئرنگ آٹو رکشا کا کرایہ نہیں بڑھایا گیا تھا۔ ۲۰۲۰ء کے بعد سے اب یہاں کرایہ بڑھایا جارہا اور آر ٹی او نے بھی کرایے کی نئی شرح کو منظوری دے دی ہے ۔ نئی شرح کے مطابق اب ممبرا شیئرنگ رکشا کا فی سیٹ کم از کم کرایہ ۱۰؍ روپے کے بجائے ۱۵؍ روپے لیا جائےگا۔‘‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ ۲؍ دن بعد ہی نیا مالی سال شروع ہو گا تو یکم اپریل سے نئی شرح نافذ کرناچاہئے تھا ۲۹؍ مارچ سے ہی کیوں نافذ کیا جا رہا ہے؟ انہوںنے جواب دیاکہ آٹو رکشا والوں نےرمضان بھر شدید ٹریفک کے باوجود طے شدہ کم کرایہ پر ہی مسافروں کو اپنی خدمات دی ہیں اور اب مزید نہیں رکا جاسکتا اسی لئے ۲۹؍ مارچ سے ہی اسے نافذ کیاجارہا ہے۔‘‘
رکشا یونین کے عہدیداروں کے مطابق اکثر شہریوں کی جانب سے ایسی شکایت موصول ہوتی ہے کہ آٹو رکشا والے ممبرا ریلوے اسٹیشن سے قریبی علاقوں کے مسافروں کو نہیں بٹھاتے، ان کے اس رویہ سے ممبرا پولیس اسٹیشن ، شمشاد نگر اور سوناجی نگر وغیرہ علاقوں کے شہریوں کو پریشانی ہوتی ہے۔ مسافر اور آٹو رکشا ڈرائیور دونوں کی سہولت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ شیئرنگ آٹو رکشا کا کم از کم کرایہ ۱۵؍ روپے کر دیاجائے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ شہریوں کو اب میٹر سے چلنے والا آٹو رکشا بھی دستیاب ہوگا اور ایم گیٹ کے پاس سے یہ رکشا دستیاب ہوں گے۔مسافروںکی اطلاع کیلئےممبرا ریلوے اسٹیشن (ایکسکیلیٹر) کے قریب نئے کرایہ چارٹ بھی لگایاگیا ہے۔