• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شہباز شریف کی آپریشن’عزم استحکام‘ کے حوالےسے کابینہ کو اعتماد میں لینے کی کوشش

Updated: June 26, 2024, 11:25 AM IST | Agency | Islamabad

پاکستان کے وزیراعظم نے کابینہ کی میٹنگ میں آپریشن کے تعلق سے پائی جارہی غلط فہمیوںکو دور کیا اوراس کے مقاصد بتائے۔

Shehbaz Sharif, Prime Minister of Pakistan. Photo: INN
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف۔ تصویر : آئی این این

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو آپریشن ’عزم استحکام‘ کے بارے میں گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کے حوالے سے اعتماد میں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کوئی فوجی بڑا آپریشن نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیشنل ایکشن پلان پر اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن ’عزم استحکام‘ کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف، جے یو آئی (ف) سمیت مختلف سیاسی جماعتیں اس آپریشن کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کررہی ہیں۔ 
 وزیر دفاع خواجہ آصف نےمنگل کو ہی پریس کانفرنس میں آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے سامنے آنے والے سیاسی جماعتوں کے تحفظات پر کہا تھا کہ ’آپریشن عزم استحکام کا ماضی کے آپریشنوں سے موازنہ درست نہیں ہے، آپریشن عزم استحکام پر کابینہ اور پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا‘۔ ’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں معمول کے ۱۱؍ نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: نیٖٹ امتحان تنازع:۷۰۰؍طلبہ کیلئے پیپر لیک کرنے کا انکشاف

شہباز شریف نےاجلاس کے دوران بتایا کہ یہ دیگر آپریشنوں کی طرح نہیں ہوگا بلکہ انٹیلی جنس سطح کا آپریشن ہوگا جس میں کسی کا کہیں تبادلہ نہیں کیاجائے گا۔ 
 وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا ’’ عام آدمی کی قابلِ تجدید شمسی توانائی تک رسائی یقینی بنانے کے لیے سولر پینل پر کسی قسم کی نئی ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی۔ کم لاگت قابل تجدید شمسی توانائی ہر شہری تک پہنچائیں گے۔ ہم معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کررہے ہیں، اللہ کے فضل وکرم سے ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کو ترقی دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کریں گے۔ ‘‘
 ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ اور ملکی وسائل کا استحصال کرنے والوں کی مراعات کو ختم کیا جائے گا۔ عام آدمی کے معاشی تحفظ اور اُسے یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے وژن کے لیے آپریشن عزم استحکام ہے، یہ کوئی فوجی آپریشن نہیں ہوگا۔ پی ٹی وی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نےکہا کہ’عزم استحکام مختلف سیکوریٹی ایجنسیوں اور پورے ریاستی نظام کے کثیر جہتی تعاون کا مجموعی قومی ویژن ہے، اس میں دہشت گردی کیخلاف قومی مہم بھی شامل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK