• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

موسلادھار بارش سے کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر پانی جمع ہونے سے اسمارٹ سٹی کے کاموں میں رکاوٹ

Updated: July 15, 2024, 2:22 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

اسٹیشن کے باہر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام پہلے ہی پوری طرح سے درہم برہم ہوگیا ہے اور اب موسلا دھار بارش کی وجہ سے حالات مزید ابتر ہوگئے ہیں۔

Efforts are being made to drain the accumulated water outside the Kalyan station. Photo: INN
کلیان اسٹیشن کے باہر جمع پانی کی نکاسی کی کوشش کی جارہی ہے۔ تصویر : آئی این این

کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام پہلے ہی پوری طرح سے درہم برہم ہوگیا ہے اور اب موسلا دھار بارش کی وجہ سے حالات مزید ابتر ہوگئے ہیں۔ اسمارٹ سٹی کے کاموں کیلئے کھودے گئے بڑے بڑے گڑھوں اور جگہ جگہ مٹی کے ڈھیر پڑے ہونے کی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہو پارہی ہے۔ اس کے نتیجہ میں ریلوے اسٹیشن کے اطراف سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ 
 کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کی میونسپل کمشنر کی ہدایت پر ایگزیکٹیو انجینئر روہنی لوکرے نے سنیچر کی شب ریلوے اسٹیشن کے اطراف جمع شدہ ۲؍ سے۳؍ فٹ پانی کو تین ہائی پریشر پمپوں کی مدد سے خالی کیا۔ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سے ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے کلیان اور اطراف کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا تھا۔ وہیں ریلوے اسٹیشن کے باہر اسمارٹ سٹی کے مختلف کاموں کیلئے اونچے اونچے ستون تعمیر کئے جا رہے ہیں جن کیلئے گہرے گڑھے کھودے گئے ہیں۔ موسلا دھار بارش سے نہ صرف گڑھوں میں بلکہ جہاں جہاں مٹی کے ڈھیر اور تعمیراتی سامان رکھا ہوا تھا وہاں پانی جمع ہوگیا تھا۔ بالخصوص دیپک ہوٹل کے سامنے اور ایس ٹی ڈپو میں ۳؍ سے ۴؍ فٹ پانی بھر گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: دھاراوی کےغیر قانونی مکینوں کی باز آبادکاری کیلئے ۲؍ ہزار ایکڑ سے زائد زمین کا مطالبہ!

ریلوے اسٹیشن سے باہر نکلنے والے مسافروں کو رکشا اور ٹیکسی پکڑنے کیلئے ۲؍ فٹ پانی سے گزرنا پڑ رہا تھا۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سے رکشا ڈرائیوروں کو اپنی گاڑی کھڑی کرنا تک محال ہوگیا تھا۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے کے ڈی ایم سی کی کمشنر اندورانی جھاکھڑ نے روہنی لوکرے کو فوری طور پر کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر جمع شدہ پانی کو خالی کرنے کیلئے ہائی پریشر پمپ استعمال کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 
 اس ضمن میں روہنی لوکرے نے بتایا کہ کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر اسمارٹ سٹی کے تعمیراتی کاموں کے ٹھیکیدار کو مناسب طریقہ سے پانی کی نکاسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی تھی مگر موسلادھار بارش سے ٹھیکیدار کے پاس موجود وسائل ناکافی ثابت ہورہے تھے اس لئے میونسپل انتظامیہ نے تین بڑے ہائی پریشر پمپ لگا کر ریلوے اسٹیشن کے اطراف جمع شدہ پانی کو نکال کر راستہ صاف کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK