• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اشیاء و خدمات پر جی ایس ٹی میں کہیں تخفیف کہیں اضافہ

Updated: September 11, 2024, 11:55 AM IST | Agency | New Delhi

جی ایس ٹی کاؤنسل کی۵۴؍ویں میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ کینسر کے علاج کی ادویات پر جی ایس ٹی ۱۲؍فیصد سے گھٹاکر ۵؍فیصد کردیا گیا ،جبکہ نمکین اورفوڈپروڈکٹس پر عائد۱۸؍فیصد جی ایس ٹی کوکم کرکے۱۲؍ فیصد کردیا گیا،ہیلتھ انشورنس پریمیم پر فیصلہ اگلی میٹنگ میں کیا جائیگا۔

The 52nd GST Council meeting was held on Monday and its full details were released on Tuesday. Photo: INN
جی ایس ٹی کاؤنسل کی ۵۲؍ویں میٹنگ پیر کو منعقد کی گئی اور اس کی مکمل تفصیلات منگل کو جاری کی گئیں۔ تصویر : آئی این این

جی ایس ٹی کاؤنسل کی ۵۴؍ویں  میٹنگ کے دوران کئی اشیاء اور خدمات پر عائدکردہ جی ایس ٹی کی شرح میں  تخفیف کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ کچھ اشیاء اور خدمات پر جی ایس ٹی بڑھادیا گیا ہے۔ کچھ اہم موضوعات ایسے بھی رہے جن پراس وقت کوئی فیصلہ نہیں  کیا گیا ہے۔ 
۲؍ہزار روپے تک کے ڈیبٹ /کریڈٹ ٹرانزیکشن پر ۱۸؍فیصد جی ایس ٹی کی تجویز: مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی قیادت میں منعقد ہونے والی جی ایس ٹی کاؤنسل کی اس اہم میٹنگ میں  کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جن میں  ۲؍ہزار روپے تک آن لائن ٹرانزیکشن (ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سے) پر ۱۸؍فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ کا معاملہ ٹل گیا ہے۔ اس تجویز پر بحث و مباحثہ کے بعد اسے ’فٹ مینٹ کمپنی‘ کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ 
کینسر کی ادویات سستی ہوئیں : جی ایس ٹی کاؤنسل کی میٹنگ میں  کینسر کے علاج میں  استعمال ہونے والی ادویات پر جی ایس ٹی ۱۲؍ فیصد سے گھٹاکر ۵؍فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے کینسر کی دوائیں سستی ہوں  گی۔ 
انشورنس پریمیم پر جی ایس ٹی گھٹانے کا منصوبہ: دوسرا اہم معاملہ لائف اینڈ ہیلتھ انشورنس پر جی ایس ٹی گھٹانے کا تھا، فی الحال یہ سستا نہیں ہوگا اورمستقبل میں اسے ۱۸؍ فیصد سے گھٹانے پر اتفاق ہوگیا ہے لیکن حتمی فیصلہ جی ایس ٹی کاؤنسل کی اگلی میٹنگ میں کیا جائے گا۔ بتایا گیا کہ لائف اینڈ ہیلتھ انشورنس پریمیم پر لگنے والے ۱۸؍فیصد جی ایس ٹی کی تخفیف کے حق میں زیادہ تر ریاستیں رہیں، اور میٹنگ میں اس پر بحث کے دوران اتفاق بھی ہوگیاہے۔ تاہم تخفیف کا حتمی فیصلہ نومبر ۲۰۲۴ء  میں  ہونیوالی جی ایس ٹی میٹنگ میں کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہنگری: تارکین وطن کو بروسیلز جانے کیلئے مفت سہولت فراہم کرنے کا انتباہ

نمکین اور فوڈ پروڈکٹس پرجی ایس ٹی میں  تخفیف : جی ایس ٹی کاؤنسل کی میٹنگ سے اگلی راحت بخش خبر یہ ہے کہ نمکین اور فوڈ پروڈکٹس پر عائد کی گئی جی ایس ٹی شرح کو ۱۸؍ فیصد سے کم کرکے اب ۱۲؍ فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے ان کی قیمتوں  میں  کمی آئے گی۔ 
سروس کے امپورٹ پر رعایت: غیرملکی ایئرلائن کمپنیوں  کے ذریعہ سروسیز کے امپورٹ کو رعایت ملی ہے۔ ریونیو سیکریٹری سنجے ملہوترا کے مطابق غیرملکی ایئرلائن چلانے والی کمپنیوں  کے ذریعہ امپورٹیڈ سروسیز کو ٹیکس میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
کار کی سیٹیں  مہنگی : جہاں  کئی چیزوں  پر جی ایس ٹی میں  تخفیف کی گئی ہے، وہیں جی ایس ٹی کاؤنسل نے کار کی سیٹوں پر لگنے والے ٹیکس کو ۱۸؍ فیصد سےبڑھاکر ۲۸؍ فیصد کردیا ہے۔ 
ریسرچ فنڈز: جی ایس ٹی کاؤنسل نے ’ہائی ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹس اور ریسرچ سینٹرز کو جی ایس ٹی سے رعایت دینے کا فیصلہ کیاہے۔ یہ رعایت ان تمام یونیورسٹیوں  اور اداروں کو حاصل ہوگی جو ریاستی یا مرکزی حکومت کے قانون کے ذریعے قائم کئے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ حال ہی میں  جی ایس ٹی انٹیلی جنس کے ذریعہ ۷؍ اہم تعلیمی اداروں کو ۲۰۱۷ء سے دئیے گئے ریسرچ گرانٹس پر ٹیکس نہ چکانے پر نوٹس بھیجے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ 
آن لائن گیمنگ سے شاندار آمدنی!: پورے دن چلنے والی جی ایس ٹی کاؤنسل کی میٹنگ کے بعد شام کو منعقدکی جانے والی پریس کانفرنس سے وزیرمالیات نرملا سیتارمن نے خطاب کیا۔ انہوں  نے بتایا کہ ’’آن لائن گیمنگ، کسینو اور گھڑدوڑ پر جی ایس ٹی کا ششماہی جائزہ لیا گیا۔ انہوں  نے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن گیمنگ سے ریوینیو اکتوبر ۲۰۲۳ء سے مارچ ۲۰۲۴ء تک میں  ۴۱۲؍ فیصد بڑھ کر ۶؍ہزار ۹۰۹؍ کروڑ روپے ہوگیا ہے۔ آن لائن گیمنگ پرحکومت ۲۸؍فیصد جی ایس ٹی وصول کرتی ہے جبکہ کسینو سے جی ایس ٹی آمدنی میں۳۰؍ فیصد کی تیزی آئی ہے۔ قبل ازیں  آن لائن گیمنگ سے وصول ہونیوالی کل جی ایس ٹی ۱۳۴۹؍کروڑ تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK