اپوزیشن لیڈرلی جے منگ کا کہنا تھا کہ’ ’ ملک میں عدم استحکام کم کرنے اور لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: December 17, 2024, 1:57 PM IST | Agency | Seoul
اپوزیشن لیڈرلی جے منگ کا کہنا تھا کہ’ ’ ملک میں عدم استحکام کم کرنے اور لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔‘‘
جنوبی کوریا کے اپوزیشن لیڈر نے ملک میں جاری ہیجانی کیفیت کو کم کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے صدر یون سک یول کی معزولی کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کا مطالبہ کردیا۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق قائد حزب اختلاف کے رہنما لی جے منگ نے ملک کی اعلیٰ عدالت کے ججوں سے یون سک یول کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر یون سک یول کے خلاف ملک میں مارشل لا نافذ کرنے پر حزب اختلاف کی مواخذے کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد انہیں معطل کردیا گیا تھا جبکہ صدر کی غیر موجودگی میں وزیراعظم ہاں ڈک سو قائم قام صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی غزہ : ایک اور اسکول پر اسرائیلی فوج کی بمباری، ۲۴؍گھنٹے میں۶۳؍فلسطینی شہید
صدر یون سک یول کے خلاف مواخذے کی تحریک کامیاب ہوتے ہی انہیں عہدے سے معطل کردیا گیا ہے، وہ بحیثیت صدر اب مزید فرائض انجام نہیں دے سکتے جبکہ جنوبی کوریا کی آئینی عدالت ووٹنگ پر غور کر رہی ہے، عدالت کے پاس یون کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ سنانے کے لئے ۱۸۰؍ دن ہیں۔ تاہم صدر کو عہدے سے ہٹانے کے متعلق اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ’ ’ ملک میں عدم استحکام کم کرنے اور لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے کا یہ ہی واحد راستہ ہے۔ ‘‘
خیال رہے کہ جنوبی کوریا کی آئینی عدالت صدر یون سک یول کے پارلیمانی مواخذے پر۲۷؍ دسمبر کو پہلی ابتدائی سماعت کرے گی۔ یونہاپ نیوز ایجنسی نے پیر کو عدالتی کاغذات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
حکمراں پیپلز پاور پارٹی کے سربراہ مستعفی
جنوبی کوریا کی حکمراں پیپلز پاور پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ ہان ڈونگ ہون نے پیر کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ قبل ازیں، ہان ڈونگ نے صدر کے مواخذے کی حمایت کا اظہار کیا تھا، حالانکہ وہ ابتداء میں اسکے خلاف تھے اور انہوں نے ان کے استعفیٰ کی وکالت کرتے ہوئے، اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے ان کے اپنے عزائم کی بنیاد پر ووٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔