• Sat, 08 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپین: گھڑ سواری کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے نکلے تین دوست سراجیو پہنچے

Updated: February 08, 2025, 8:27 PM IST | Ankara

اندلس ( اسپین) سے گھوڑے پر سوار فریضہ حج کی ادائیگی کے مقصد سے نکلے تین دوست سراجیو پہنچے۔ انہوں نے ۵۰۰؍ سال قبل مسلمانوں کے ذریعے سفر حج کیلئے استعمال کئے جانے والے تاریخی راستے کا انتخاب کیا۔

Horse-riding pilgrims are the center of attention in Sarajevo. Photo: X
گھڑ سوار عازمین حج سراجیو میں سب کی توجہ کا مرکز۔ تصویر: ایکس

اسپین سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے والے تین دوست گھڑ سواری کے ذریعے تین ماہ کے سفر کے بعد بوسنیا اور ہرزیگوینا کے دارالحکومت سراجیوو پہنچ گئے ہیں۔۵۰۰؍ سال قبل اندلس کے مسلمانوں کے ذریعے سفر حج کیلئے استعمال کئے جانے والے راستے کو دوبارہ دریافت کرنے کے مقصد سے عبدالقادر ہرکاسی، عبداللہ ہرنانڈیز، اور طارق روڈریگز نے جنوبی اسپین سے اپنے سفرکا آغاز کیا ۔گھوڑے کی پیٹھ پر سوار ہو کر وہ اٹلی، سلووینیا، کروشیا، بوسنیا اور ہرزیگووینا، مونٹی نیگرو، کوسوو، شمالی مقدونیہ، بلغاریہ، یونان اور ترکی سے ہوتے ہوئے ۸؍ ہزار کلومیٹر سے زیادہ کا سفر طے کر رہے ہیں۔اپنے سراجیومیں پڑاؤ کے دوران انہوں نے باسکریجا جیسےتاریخی ضلع کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ سیاحوں،اور مقامی افراد کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ انہوں نے عثمانی دور کے تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا اور اپنے سفر کےتعلق سے  مزید جاننے کے خواہشمند افراد کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائیں۔انہوں نے سراجیوو میں حاجی مسجد کا دورہ کیا، جہاں بوسنیا کے باشندے روایتی طور پر حج کیلئے روانگی سے قبل قیام کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربات اور احساسات بھی ساجھا کئے۔اور سفر کی دستاویز بھی تیار کی۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: ۱۴۴۶ھ کے حج کیلئےمقامی افراد کے اندراج کا آغاز

انہوں نے بوسنیا کے عوام کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ’’ الحمداللہ ہم نے یورپ کے بیشتر حصے کا سفر کیا ہے، اور اب ہم سراجیوو میں ہیں، یہ ہمارے سفر کی معراج ہے۔‘‘تاہم انہوں نے دوران سفر ہیش آنے والی مشکلات اور مصائب کا بھی ذکر کیا، خصوصی طور پر کسی بھی ملک کی سرحد پار کرنے میں پیش آنے والی دستاویزی رکاوٹوں کا۔ہرکاسی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ہی سربیاکی حکومت  گر گئی جس کے سبب وہ ا ب تک سربیا میں داخل ہونے کا اجازت نامہ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔
سفر میں پیش آنے والی مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود ان کے جذبہ میں کوئی کمی نہیں آئی، اور انہوں نے اسی جوش و خروش کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے تازہ دم گھوڑے بھی حاصل کر لئے۔ اب ان کااگلا پڑاؤ انہیں اپنی منزل مقصود یعنی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب سے مزید قریب کر دے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK