• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایس ٹی ملازمین کو تنخواہ تو مل رہی ہے مگر دیگر ادائیگی کئی ماہ سے بقایا ہے

Updated: January 22, 2025, 4:15 PM IST | Agency | Mumbai

پی ایف کیلئے تنخواہ سے کاٹی گئی رقم متعلقہ ٹرسٹ کو ادا نہیں کی گئی ، طبی سہولیات کے بل بھی باقی ہیں، ہنگامی قرض کیلئے اکائونٹ میں رقم نہیں ہے

Are ST employees having to pay the price of the Ladli Bahen scheme? Photo: INN
کیا ایس ٹی ملازمین کو لاڈلی بہن اسکیم کی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے ؟ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر اسٹیٹ روڈٹرانسپورٹ (ایس ٹی) کی جانب سے اس کے ملازمین کو تنخواہیں تو برابر مل رہی ہیں لیکن ان کی سہولیات سے متعلق ادا کی جانے والی رقم کئی ماہ سے بقایا ہے۔ ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت کے اوپر ایس ٹی ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ، قرض، اور میڈیکل جیسی سہولیات کیلئے ہر ماہ ادا کی جانے والی رقم کا بقایا ۳؍ ہزار کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ ۱۰؍ ماہ سے حکومت نے اس مد میں کوئی رقم ادا نہیں کی ہے۔ 
یاد رہے کہ سرکاری ملازمین کو ہر ماہ تنخواہ کے علاوہ کچھ سہولیات بھی دی جاتی ہیں جس کیلئے ایک ٹرسٹ قائم ہے۔ حکومت ہر ماہ ملازمین کو تنخواہ ادا کرنے کے ساتھ اس ٹرسٹ میں پیسے جمع کرواتی ہے۔ جیسے پراویڈنٹ فنڈ جو دراصل ملازمین کی تنخواہوں ہی میں سے کاٹا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ طبی سہولیات کیلئے ہر ماہ ایک مخصوص رقم حکومت کو ادا کرنی ہوتی ہے۔ ریاست میں کل ۸۹؍ ہزار ایس ٹی ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے ۴۰۰؍ کروڑ روپے کی رقم درکار ہوتی ہے۔ ۳۰۰؍ کروڑ روپے حکومت ادا کرتی ہے اور ۱۰۰؍ کروڑ روپے ایس ٹی کی آمدنی سے حاصل ہوتی ہے۔ اس طرح ملازمین کی تنخواہیں ادا ہوتی ہیں لیکن اس کے علاوہ ہر ماہ حکومت کو ان ملازمین کی تنخواہوں میں سے کاٹی گئی پراویڈنٹ فنڈ کی رقم اور دیگر سہولیات کیلئے ادا کی جانے والی رقم بھی ان ٹرسٹ میں جمع کروانی ہوتی ہے جو بعد میں انہی ملازمین کو ادا کرتی ہیں لیکن اطلاع کے مطابق حکومت نے گزشتہ ۱۰؍ ماہ سے ان مدوں میں ایک بھی روپیہ جمع نہیں کروایا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی ٹی نے مالیگائوں میں برتھ سرٹیفکیٹ کی جانچ کا کام شروع کیا

اس طرح پروایڈنٹ فنڈ کا ۱۱؍ سو کروڑ روپیہ اور دیگر سہولیات کا ایک ہزار کروڑ روپیہ حکومت پر واجب الادا ہے۔ نیز طبی سہولیات ( میڈیکل کلیم) کیلئے دی جانے والی رقم بھی باقی ہے۔ اس طرح تقریباً ۳؍ ہزار کروڑ روپے حکومت کو ادا کرنے ہیں۔ کچھ ملازمین کو جب آڑے وقت میں پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ اپنے پی ایف میں سے ایڈوانس کے طور پر رقم نکالتے ہیں لیکن اکتوبر ۲۰۲۴ء کے بعد سے ایک بھی ملازم اپنے پی ایف سے کوئی رقم نکال نہیں سکا ہے کیونکہ ٹرسٹ کے پاس ان کی پی ایف کی رقم آئی ہی نہیں ہے۔ جن ملازمین نے اپنے یا اپنے اہل خانہ کی بیماری پر علاج کے بعد بل جمع کروائے ہیں حکومت نے ان بلوں کی بھی ادائیگی اس عرصے میں نہیں کی ہے۔ یاد رہے کہ حکومت نے الیکشن سے قبل جب لاڈلی بہن اسکیم شروع کی تھی تو بعض لوگوں نے کہا تھا کہ اگر لاڈلی بہن اسکیم جاری رہی تو جنوری کے بعد حکومت کے پاس ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے بھی پیسے نہیں ہوں گے۔ فی الحال ایس ٹی ملازمین کو تنخواہیں تو برابر مل رہی ہیں لیکن دیگر سہولیات کی رقم حکومت کے اوپر بقایا ہے۔ اسلئے ملازمین کے اندر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK