پرتاپ سرنائیک نے کہا ’’ یہ فیصلہ افسران نے کیا ہے مجھے اس کا علم نہیں تھا ‘‘وجے وڈیٹیوار کی جانب سے تنقید، امباداس دانوے کا احتجاج
EPAPER
Updated: January 28, 2025, 5:46 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
پرتاپ سرنائیک نے کہا ’’ یہ فیصلہ افسران نے کیا ہے مجھے اس کا علم نہیں تھا ‘‘وجے وڈیٹیوار کی جانب سے تنقید، امباداس دانوے کا احتجاج
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ایس ٹی) نےبسوں کے کرایے میں ۱۵؍ فیصد اضافہ کر دیا ہے۔اس کی وجہ سے عوامی سطح پر تو بے چینی ہے ہی ، اب سیاسی گھمسان بھی شروع ہو چکا ہے۔حیرانی کی بات یہ ہے کہ وزیر برائے نقل وحمل پرتاپ سرنائیک نےایس ٹی بسوں کے کرایے کے تعلق سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔اس پر کانگریس کے وجے وڈیٹیوار نے سوال کیا ہے کہ اگر وزیر خود اس بات سے لاعلم ہیں کہ بسوں کے کرایے میں اضافہ ہوا ہے تو پھر محکمہ ٹرانسپورٹ کا والی کون ہے ؟
یاد رہے کہ ۲۵؍ جنوری کو حکومت نے رکشا اور ٹیکسیوں کے کرایے میں اضافہ کے ساتھ ایس ٹی بسوں کے کرایے میں بھی اضافہ کیا ہے۔اسکی وجہ سے عوام میں بے چینی ہے لیکن وزیر برائے نقل وحمل پرتاپ سرنائیک سے جب عثمان آباد میں میڈیا نے ایس کرایے میں اضافے کے تعلق سے سوال کیا تو انہوں نے کہا’’ ایس ٹی کے کرایے میں ایک ساتھ اضافہ کر دیا گیا۔یہ افسران کی غلطی سے ہوا ہے۔مجھے بھی اس تعلق سے علم نہیں تھا۔یہ فیصلہ افسران کرتے ہیں۔مجھے دوسرے دن یہ بات معلوم ہوئی۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ اتنے بڑے پیمانے پر ایس ٹی کے کرایے میں اضافہ کر دیا گیا۔میں نے افسران سے اس معاملے میں باز پرس کی تو انہوں نے بتایا کہ ایک ادارے کو چلانے کیلئے کبھی کبھار ایسے (سخت) فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔آئندہ ، ہر سال ایک مقررہ شرح کے مطابق معمولی سا اضافہ کیا جائے گا۔‘‘ اہم بات یہ ہے کہ جس روز (سنیچر) کو ایس ٹی کے کرایے میں اضافہ کیا گیا ، اس دن اجیت پوار نے کہا تھا ابھی ایس ٹی کے کرایے میں اضافے پر غور وخوض ہو رہا ہے۔اس تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔حالانکہ جس وقت اجیت پوار یہ بیان دے رہے تھے ، ایس ٹی کے کرایے میں اضافہ کیا جا چکا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: پالدھی تشدد کے متاثرہ دکاندار ہنوزمعاوضہ سے محروم گریش مہاجن کے دفترکے باہردھرنا
محکمہ ٹرانسپورٹ کا سربراہ کون ہے؟
کانگریس کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار نے پرتاپ سرنائیک کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’’ اگر ایس ٹی کرایے میں اضافے کا فیصلہ وزیر برائے نقل و حمل نے نہیں کیا ہے اور افسران نے خود ہی یہ فیصلہ کر لیا ہے تو سوال یہ ہے کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ ( نقل وحمل) کا سربراہ کون ہے؟ ‘‘ وڈیٹیوار نے کہا ’’ اگر ایس ٹی کرایے میں اضافہ کا فیصلہ وزیر برائے نقل وحمل نے نہیں کیا ہے اور اجیت پوار کو بھی اس کا علم نہیں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ افسران نے اپنی مرضی سے کرایے میں اضافہ کر دیا ہے۔انہیں فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لینا ہوگا۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’’ آخر محکمہ ٹرانسپورٹ کا سربراہ کون ہے؟ جب کوئی فیصلہ غلط ہوتا ہے تو اس کا الزام افسران کے سر ڈال دیا جاتا ہے اور کوئی فیصلہ عوام کے حق میں ہو تو یہ لیڈران اس کا کریڈٹ خود لینے لگتے ہیں۔ان کا یہی طریقہ ہے۔‘‘ وجے وڈیٹیوار نے مطالبہ کیا کہ ’’ مہایوتی لیڈران اور ان کے افسران آپس میں جاری یہ بچکانہ کھیل بند کریں اور فوری طور پر ایس ٹی کے کرایے میں کیا گیا اضافہ واپس لیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایک شخص کی حاضر دماغی کی وجہ سے تیسری منزل سے گرنے کے باوجود دوسالہ لڑکا بچ گیا
شیوسینا (ادھو ) کی جانب سے احتجاج
ودھان پریشد میں اپوزیشن لیڈر امبا داس دانوے کی قیادت میں ایس ٹی کے کرایے میں اضافے کے خلاف اورنگ آباد سینٹرل ایس ٹی ڈپو پر احتجاج کیا گیا۔امبا داس دانوے نے کہا ’’ ۲؍ ماہ قبل ہی ایس ٹی کے چیئرمین نے کہا تھا کہ ایس ٹی منافع میں ہے، اسکے اعداد وشمار بھی پیش کئے گئے تھے۔اب ٹکٹ کے داموں میں ۱۵؍ فیصد کا اضافہ کر دیا گیا۔یہ انتہائی غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔‘‘ دانوے نے کہا ’’افسوسناک بات یہ ہے کہ اس فیصلے کے تعلق سے وزیر برائے نقل وحمل ناواقف ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ عام آدمی کے جیب پر بوجھ ڈالنے والے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے ورنہ آج ہم نے مراٹھواڑہ کے راستوں پر احتجاج کیا ہے کہ کل سے ریاست بھر میں ہائی وے پر بیٹھ کر احتجاج کریں گے۔‘‘ یاد رہے کہ دانوے کو پولیس نے حراست میں بھی لیا تھا۔