• Sat, 19 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چھوٹےمعاہدوں کیلئے۱۰۰؍ روپے کے اسٹامپ پیپر پر روک

Updated: October 19, 2024, 11:03 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مکان کرائے پر دینے، زمین کی خریدو فروخت ، تجارتی یا مالی معاہدوں کیلئے اب ۵۰۰؍ روپے کا اسٹامپ پیپر استعمال کرنا ہو گا۔

By increasing the price of stamp paper, the government has managed to fill its treasury. Photo: INN
اسٹامپ پیپر کی قیمت بڑھاکر سرکار نے اپنا خزانہ بھر نے کی سبیل کی ہے۔ تصویر : آئی این این

 اب تک کرایہ پر مکان لینے، مکان یا زمین کی خرید و فروخت کرنے، قرض لینے یا پھر کوئی تجارتی اور مالی معاہدہ کرنے کیلئے ۱۰۰؍ اور ۲۰۰؍  روپے کے اسٹامپ پیپر کا استعمال کیا جاتا تھا لیکن لیکن ریاستی حکومت نے اب اس پر روک لگا دی ہے۔ اب چھوٹے چھوٹے معاہدوں کے لئے بھی عام شہریوں کو ۵؍ سو روپے کا اسٹامپ پیپر خریدنا ہو گا۔ اس سے پیشگی اسٹامپ خرید لینے والے وینڈرس کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی کافی پریشان ہیں۔ اس سلسلہ میں اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ۱۰۰؍ اور ۲۰۰؍ روپے کے اسٹامپ پیپرس کا استعمال جاری رہے گا یا  انہیں مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ 
اس ضمن میں ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن ایس ایس بجاج نےوضاحت دی کہ’’ اب تک ۶۴؍ مختلف معاہدوں کے لئے ۱۰۰؍ اور ۲؍ سو کے اسٹامپ پیپر کا استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب چند مخصوص معاہدوں کیلئے ۵؍ سو روپے کے پیپر کا استعمال کرنا ہوگا۔‘‘ ڈپٹی سیکریٹری کے مطابق ۵؍ سو روپے کا استعمال ۱۱؍ مخصوص معاہدوں کیلئے کیا جائے گا جبکہ ۱۰۰؍ اور ۲؍ سو کے اسٹامپ پیپر کا بھی استعمال جاری رہے گا لیکن انہیں مذکورہ معاہدوں کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:شندے حکومت کے۱۰۳؍فیصلے اور۸؍ٹھیکےمسترد

انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ جن معاہدوں کے لئے ۵؍ سو روپے کا پیپر استعمال کرنا لازمی ہوگا ان میں طلاق کے دستاویزات، تجارتی معاہدے یا بڑے زمینی معاہدے شامل ہیں۔ اس بارے میںمحکمہ محصولات کے ایک افسر نے بتایا کہ ۱۰۰؍ اور ۲؍ سو کے اسٹامپ پیپر کا استعمال بیشتر چھوٹے معاہدوں کے لئے کیا جاتا رہے گا لیکن ان میں سے اب کرائے پر مکان دینے اور دیگر معاہدوںکو نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ۵؍سو روپے کےاسٹامپ پیپر کا استعمال کرنے اور اسے لاگو کرنے سے متعلق مہاراشٹر سرکار کا سرکیولر تقریباً  ڈیڑھ ماہ قبل نکالا گیا تھا ۔ آفیسر کے مطابق حکومت نے محکمہ محصول کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے مقصد سے  ۵؍ سو روپے کا  اسٹامپ پیپر لاگو کیا ہے اور اسے دو دن قبل یعنی بدھ سے باقاعدہ نافذ کردیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ اب تک۱۰۰؍ اور ۲؍ سو روپے کے  اسٹامپ پیپر کا استعمال مختلف حلف ناموں ، کرایہ پر مکان لینے ، مکان کی خرید و فروخت کرنے، تعلیمی حلف نامہ بنانےاور ساتھ ہی زمین کی خرید و فروخت ، قرض اور دیگر تجارتی لین دینے کے لئے ہوتا رہا ہے  تاہم حکومت کی اس ہدایت سے عام شہری سخت پریشان ہیں کیوں کہ انہیںاب کسی بھی معاہدہ کے لئے  اسٹامپ پیپر پر اضافی۴؍ سو روپے ادا کرنے ہوں گے جبکہ  اس سرکاری پیپر کی خرید و فروخت کرنے والے سرکاری اور غیر سرکاری وینڈرس بھی اس غیر واضح صورتحال سے پریشان ہیں اور وہ اس سلسلہ میں اپنے اپنے حلقوں کے ڈسٹرکٹ کلکٹروں سے مل کر اس سلسلہ میں وضاحت طلب کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK