• Wed, 26 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی اسمبلی میں اپوزیشن کا پُرزور احتجاج، ’آپ‘ کے تمام اراکین۳؍ دن کیلئے معطل

Updated: February 26, 2025, 12:12 PM IST | New Delhi

وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کے دفتر میں بھیم راؤ امبیڈکر کی جگہ وزیراعظم مودی کی تصویر آویزاں کئے جانے پر حزب اختلاف برہم، اسے بابا صاحب کے ساتھ ہی ملک بھر کے دلتوں کی توہین قرار دیا۔

Aam Aadmi Party members protested outside Parliament after being suspended from the assembly. Photo: PTI
اسمبلی سے معطل کئے جائے کے بعد عام آدمی پارٹی کے اراکین نے پارلیمنٹ کے باہراحتجاج کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ملک کی راجدھانی دہلی میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد اسمبلی کے پہلے ہی اجلاس میں حکمراں بی جے پی بری طرح گھر گئی ہے۔  وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا  کے دفتر میں بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویرہٹا کر وہاں پر وزیراعظم مودی کی تصویر لگادینا اور بھگت سنگھ کی جگہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی تصویر کا آویزاں کرنا ، اب اسے بھاری پڑتا نظر آرہا ہے۔ اسمبلی میں حزب اختلاف عام آدمی پارٹی (آپ) نے اس پر زبردست احتجاج کیا۔ حکومت کو اپوزیشن کا احتجاج کرنا پسند نہیں آیا، نتیجتاً ایوان میں موجود اس کے تمام ۲۱؍ اراکین تین دن  کیلئے اسمبلی سے معطل کردیئے گئے۔ان میں اپوزیشن لیڈر آتشی بھی شامل ہیں۔
 خیال رہے کہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین نے ریاست کے لیفٹیننٹ گورنر(ایل جی) وی کے سکسینہ کے خطاب کے دوران یہ احتجاج شروع کیا تھا۔ بی جے پی نے اسے اسمبلی کے ’آداب‘ کے خلاف قرار  دیا۔  اپوزیشن کی طرف سے پیدا ہونے والے خلل کی وجہ سے کابینی وزیر پرویش سنگھ نے ایوان میں ایک تحریک  پیش کی، جس میں غیر اخلاقی کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ان کی اس تحریک کی  رکن اسمبلی  ابھے ورما نے حمایت کی۔ اس کے بعد حکمراں جماعت کی جانب سے ایوان میں موجود ’آپ‘ کے تمام ۲۱؍ اراکین کو تین دن کیلئے معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ بعد ازاں اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے آتشی سمیت۲۱؍  اراکین کو تین دنوں کیلئے معطل کرنے کی تجویز پیش کی، جسے ایوان نے صوتی ووٹ سےمنظور کرلیا۔ خیال رہے کہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے ۲۲؍ نمائندے کامیاب ہوئے ہیں جن میں سے ایک اوکھلا کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان ہیں۔ وہ آج ایوان میں موجود نہیں تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: منترالیہ میں کسان کی خودکشی کی کوشش، ساتویں منزلہ سے حفاظتی جال پرگرا

حکومت کی جانب سے کی گئی اس کارروائی کے بعد دہلی کی سابق وزیراعلیٰ آتشی نے کہا کہ حکومت کچھ بھی کرلے، وہ ہماری آواز بند نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی دہلی کے سرکاری دفاتر میں بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر کو اس کی مناسب جگہ پر بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے بی جے پی کی اس حرکت کو بابا صاحب کے ساتھ ہی ملک بھر کے دلتوں کی توہین قرار دیا۔ اس مسئلے پر اسمبلی کے  احاطے میں ’آپ‘  کے اراکین اسمبلی کے احتجاج کے درمیان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا کہ ’’ہم وزیر اعلیٰ کے دفتر سے بابا صاحب کی تصویر ہٹائے جانے کے خلاف ایوان سے سڑک تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ یہ احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک بابا صاحب کی تصویر کو اس کے صحیح مقام پر دوبارہ نہیں لگادیا جاتا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ افسوس کی بات ہے کہ آج نریندر مودی جی (وزیر اعظم) بابا صاحب سے بڑے ہو گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جب ہمارے اراکین نے اسمبلی میں ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے نام پر نعرے لگائے تو آپ کے تمام’ ایم ایل ایز‘ کو باہر نکال دیا گیا لیکن ہمارے نعروں کے جواب میں جب بی جے پی کے’ ایم ایل ایز‘ نے مودی مودی   کے نعرے لگائے تو انہیں ہاتھ تک نہیں لگایا گیا۔ اس کا مطلب ہے کہ بی جے پی ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر، ان کی تصویر اوران کے نام سے نفرت کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عوام بھولتے ہیں۔ وقت آنے پر ملک کے عوام بی جے پی کے اس تکبر کا جواب دیں گے۔
 واضح رہے کہ اس معاملے پر صبح اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کے دوران عام آدمی پارٹی کے اراکین نے احتجاج کیا تھا، جس کی وجہ سے اسپیکر  وجیندر گپتا نے آتشی سمیت ۱۲؍ اراکین کو  دن بھر کیلئےمعطل کیا تھا اور اس کے بعد بھی احتجاج جاری رکھنے پر انہیں ایوان سے باہر نکالنے کیلئے مارشلوں کی مدد طلب کی گئی تھی۔اس کے بعد ’آپ‘ کے اراکین  اسمبلی نعرے لگاتے ہوئے اسمبلی احاطے میں احتجاج کر نے لگے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK