• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سوڈان: بارش اور سیلاب کے سبب ایک ہفتے میں تقریباً ۶؍ ہزار افراد بے گھر

Updated: September 16, 2024, 8:15 PM IST | Khartoum

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوڈان میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے ایک ہفتے میں تقریباً ۶؍ ہزار سوڈانی بے گھر ہوئے ہیں۔افریقی ملک میں جون سے لے کر اب تک بے گھر ہونے والے افراد کی مکمل تعداد ایک لاکھ ۷۸؍ ہزار ، ۵۰۰؍ ہوگئی ہے۔ بے گھر ہونے والی ۴۴؍ فیصد آبادی جنگ کے سبب پہلے بھی بے گھر ہوچکی ہے۔

Civilians are suffering because of the conflict in Sudan. Image: X
سوڈان میں تنازعے کے سبب شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔ تصویر: ایکس

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے اعلان کیا ہے کہ موسلادھار بارش اور سیلاب کے نتیجے میں سوڈان میں ۶؍ ہزار سے زائد شہری ایک ہفتے میں بے گھر ہوئے ہیں جس کے بعد سوڈان میں جون سے اب تک بے گھر ہونے والے افراد کی مکمل تعداد ایک لاکھ ۷۸؍ ہزار ۵۰۰؍ہو گئی ہے۔ یو این ایجنسی کےمطابق یکم جون سے ۱۳؍ ستمبر تک بارش اور سیلاب سے متعلقہ ۱۱۹؍ حادثات درج کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں سوڈان کی ۱۵؍ ریاستوں میں ایک لاکھ ۷۸؍ ہزار ۴۶۰؍ سوڈانی باشندے بے گھر ہوچکے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: آج عید میلادالنبی ؐ پر رفاہی کاموں کی اپیل

ایجنسی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ۵؍ ستمبر سے ۱۳؍ ستمبر تک سیلاب کے سبب ۵؍ ہزار۹۴۰؍ افراد بے گھر ہوئے ہیں اور ایک ہزار ۳۴۹؍ عمارتیں یا تو جزوی طور پر یا مکمل طریقے سے تباہ ہوچکی ہیں۔ایجنسی نے نشاندہی کی ہے کہ اندازاً بارش اور سیلاب کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی ۴۴؍ فیصد تعداد پہلے بھی جنگ کے سبب بے گھر ہوچکی تھی۔ گزشتہ بدھ کو سوڈانی حکام نے اعلان کیا تھا کہ سیلاب اور بارش سے متعلقہ معاملات میں اموات کی تعداد ۲۱۲؍ سے تجاوز کر گئی ہے۔

سوڈان میں سیلاب کے دوران شہری کشتی سے سفر کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

خیال رہے کہ سوڈان میں موسم باراں کی شروعات جون میں ہوتی ہے اور اکتوبر کے آخر تک بارش جاری رہتی ہے۔ امسال افریقی ملک، جو تنازعات میں گھر ہوا ہے، میں موسم باراں کے سبب حالات زیادہ خراب ہوگئے ہیں۔سوڈان میں اپریل ۲۰۲۳ء میں سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جنگ کی شروعات ہوئی تھی ۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق سوڈان میں جنگ کے سبب ۱۸؍ ہزار ۸۰۰؍ سوڈانی ہلاک جبکہ ۱۰؍ ملین سے زائد بے گھر ہوئے ہیں۔ تنازعات کے سبب کروڑوں سوڈانی قحط جیسے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK