امیت شاہ کے بارے میں تبصرہ کرنے پر راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت معاملے پر سپریم کورٹ نے روک لگا دی ہے۔ عدالت نے کانگریس لیڈر کے وکیل کی یہ دلیل منظور کر لی کہ صرف متاثرہ شخص ہی مجرمانہ ہتک عزت کی شکایت درج کر سکتا ہے۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 4:00 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
امیت شاہ کے بارے میں تبصرہ کرنے پر راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت معاملے پر سپریم کورٹ نے روک لگا دی ہے۔ عدالت نے کانگریس لیڈر کے وکیل کی یہ دلیل منظور کر لی کہ صرف متاثرہ شخص ہی مجرمانہ ہتک عزت کی شکایت درج کر سکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے پیر کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ان کے تبصرے پر دائر کردہ مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں ٹرائل کورٹ میں کارروائی پر روک لگا دی۔باراور بنچ کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے جھارکھنڈ حکومت اور شکایت کنندہ سے کہا کہ وہ گاندھی کی درخواست پر اپنا جواب داخل کریں۔جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے گاندھی کی طرف سے داخل کی گئی درخواست پر عبوری حکم جاری کیا جس میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا جس نے کیس کو منسوخ کرنے کی راہل گاندھی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: مدھیہ پردیش: آٹو ڈرائیور کی بیٹی عائشہ انصاری ڈپٹی کلکٹر بنیں
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کی نمائندگی کرنے والے راہل گاندھی کے وکیل ابھیشیک سنگھوی نے استدلال کیا کہ کئی ایسے فیصلے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ صرف متاثرہ شخص ہی مجرمانہ ہتک عزت کی شکایت درج کرا سکتا ہے۔سنگھوی نے دلیل دی کہ پراکسی تیسرے فریق کے ذریعہ شکایت درج نہیں کی جا سکتی ہے۔لائیو لا کی خبر کے مطابق، گاندھی کے خلاف شکایت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈرنوین جھا نے درج کرائی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گاندھی نے مارچ ۲۰۱۸ءمیں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں سہراب الدین شیخ کیس کے حوالے سے امیت شاہ کو ’’قتل کا ملزم‘‘ قرار دیا۔شاہ اس وقت بی جے پی کے قومی صدر تھے۔فروری ۲۰۱۴ء میں ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے سہراب الدین شیخ نامی شخص کے مبینہ ماورائے عدالت قتل سے متعلق ۲۰۰۵ءکے ایک مقدمے میں شاہ کو بری کر دیا تھا۔جھا نے گاندھی کے اس ریمارک پر بھی اعتراض کیا تھا کہ’’ بی جے پی لیڈر جھوٹے ہیں اور طاقت کے نشے میں ہیں۔‘‘ بی جے پی رکن نے دعویٰ کیا کہ یہ تبصرہ ان کی پارٹی کے تمام ارکان کی توہین ہے۔
یہ بھی پڑھئے: حملہ آورکیجریوال کوقتل کرنا چاہتےتھے : آتشی
واضح رہے کہ ۲۰۲۴ء میں، جسٹس امبوج ناتھ کی جھارکھنڈ ہائی کورٹ بنچ نے گاندھی کی طرف سے اپنے خلاف مقدمہ کو منسوخ کرنے کی درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ یہتبصرہ ذہنی طور پر ہتک آمیزتھے۔عدالت نے کہا کہ شکایت کنندہ کو ہتک عزت کی شکایت درج کرنے کا حق ہے، کیونکہ وہ بی جے پی کا کارکن ہے۔ہائی کورٹ نے گاندھی کے اس بیان کا بھی نوٹس لیا کہ بی جے پی قیادت طاقت کے نشے میں ہے اور جھوٹے لوگوں پر مشتمل ہے۔عدالت نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان ایسے شخص کو اپنا لیڈر تسلیم کریں گے۔یہ الزام بنیادی طور پر ہتک آمیز ہے۔