• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گیان واپی مسجد کے وضوخانہ کے سروے کیلئے پٹیشن پر سپریم کورٹ کا انتظامیہ کمیٹی کو نوٹس

Updated: November 23, 2024, 12:43 PM IST | Ahmadullah Siddiqui | New Delhi

۱۷؍ دسمبرتک جواب داخل کرنے کی ہدایت، وضوخانہ کے حوض میں ’’شیولنگ‘‘ کے دعویٰ کےبعد سپریم کورٹ نے ہی اسے سیٖل کرنے کا حکم دیا ہے۔

Gyanvapi Mosque in Benares. Photo: INN
بنارس کی گیان واپی مسجد۔ تصویر : آئی این این

سپریم کورٹ نے گیان واپی مسجد کے وضوخانہ میں ’نشان زد مقام‘ کے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا سےسروے کرانے کے ہندو فریق کے مطالبہ پر مسجد انتظامیہ کمیٹی سے جواب طلب کیا ہے۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اجل بھویاں پر کی بنچ نے ہندو فریق کے وکیل شیام دیوان اور وشنو شنکر جین کی عرضی پرمسجد انتظامیہ کمیٹی کو نوٹس جاری کیا اور ۱۷؍ دسمبر تک جواب دینے کی ہدایت دی ہے۔ ہندو فریق نے گیان واپی مسجد سے متعلق سبھی مقدمات کویکجا کرنے کی بھی درخواست کی تاہم یہ آج سماعت کیلئے درج نہیں  ہوئی، اس پر بھی ۱۷؍ دسمبر کوشنوائی ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے:سنبھل کی شاہی جامع مسجد میں سخت سیکوریٹی میں نماز جمعہ کی ادائیگی

دوسری طرف مسجد کمیٹی کے سینئر ایڈوکیٹ حذیفہ احمدی نے اپنے دیرینہ مطالبہ کا اعادہ کیاکہ کمیٹی کی طرف سے دائر ایس ایل پی کی سماعت ترجیحی بنیاد پر کی جائے جس میں کہاگیا ہے کہ عبادت گاہوں  کے تحفظ کے قانون ۱۹۹۱ء کے تحت یہ درخواستیں   ناقابل سماعت ہیں۔ سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے فیصلہ میں اس قانون کا کئی بار حوالہ دیاا وراس پر مہر لگائی ہے۔ خیال رہےکہ گیان واپی مسجد کی اے ایس آئی کے ذریعہ طویل عرصہ تک مختلف زاویہ سے سروے کے بعد ہندو فریق نے عدالت میں  مسجد کی کھدائی کے ذریعہ سروے کی اپیل دائر کی تھی جس کو عدالت نےسپریم کورٹ اورہائی کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے سختی کے ساتھ مسترد کردیاتھا۔ کھدائی کے مطالبہ میں  ناکامی کے بعد ہندو فریق نے اب سپریم کورٹ کے سامنے نیا مطالبہ پیش کیا ہے۔ 
  وضوخانہ کے فوارہ کو ہندو فریق کے ذریعہ ’’شیولنگ‘‘قراردینے کے تنازع کے بعد سپریم کورٹ نے وضوخانہ کو سیٖل کرنے کا عبوری حکم دیاہے جو اب تک نافذ ہے۔ ہندو فریق کادعویٰ ہے کہ ’’ سیل شدہ حصے میں اہم شواہد اور وہ چیزیں ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں  مندر تھا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK