علاقے میں ۳؍ روز میں ہونیوالا یہ دوسرا بم دھماکہ ہے، قبل ازیں سنیچر کو دھماکےمیں ۴؍افراد ہلاک ہوئے
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 6:03 PM IST | Agency | Damascus
علاقے میں ۳؍ روز میں ہونیوالا یہ دوسرا بم دھماکہ ہے، قبل ازیں سنیچر کو دھماکےمیں ۴؍افراد ہلاک ہوئے
شام کے شمالی شہر منبج کی نواحی شاہراہ پر کار بم دھماکے میں ۱۴؍ خواتین سمیت ۱۵؍ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ۱۵؍ خواتین زخمی ہوگئیں۔ بتایا گیا کہ کسان مزدوروں سے بھری گاڑی ہائی وے پر چل رہی تھی اور اس دوران ایک دوسری گاڑی اس کے قریب آئی اور دھماکے سے پھٹ گئی۔ العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق شام کے محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی تمام خواتین کسان تھیں، کسی گروپ نے فوری طور پر کار بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’سانا‘ کے مطابق علاقے میں ۳؍ روز میں ہونے والا یہ دوسرا کار بم دھماکہ ہے، ہفتے کو منبج کے مرکز میں کیے گئے کار بم دھماکے میں ۴؍شہری جاں بحق اور بچوں سمیت۹؍ افراد زخمی ہوگئےتھے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ: خواتین اور لڑکیوں پر حملے کو نسل کشی کے طورپر استعمال کیا گیا: اقوام متحدہ
واضح رہےکہ منبج شہر ترک سرحد کے جنوب میں ۳۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے فرات کے مغرب میں واقع ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتے کو شام کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے۱۰؍ افراد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ ’اے ایف پی‘ نے شام میں انسانی حقوق کے مبصر گروپ کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ شمالی حما میں علوی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے گاؤں ارزا میں مسلح افراد کے حملے میں ۱۰؍ شہری مارے گئے۔ مبصر گروپ نے بتایا تھا کہ مسلح افراد نے گاؤں میں گھروں کے دروازوں پر دستک دی پھر سائلینسر سے لیس ہینڈ گن استعمال کرتے ہوئے لوگوں پر گولیاں چلا دیں، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ ایک رہائشی نےبتایا تھا کہ۲؍ گاڑیوں میں ۷؍بندوق بردار گاؤں میں داخل ہوئے اورگھروں کو نشانہ بنایا۔