کرکٹ کا جنون نہ صرف شائقین بلکہ براڈ کاسٹرس پر بھی واضح طور پر نظر آتا ہے۔ براڈکاسٹر اشتہارات سے لاکھوں ڈالر حاصل کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 01, 2024, 1:12 PM IST | Agency | New Delhi
کرکٹ کا جنون نہ صرف شائقین بلکہ براڈ کاسٹرس پر بھی واضح طور پر نظر آتا ہے۔ براڈکاسٹر اشتہارات سے لاکھوں ڈالر حاصل کرتے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم نے سنسنی سے بھرے اور سانس روک دینے والے فائنل میچ میں ہارے ہوئے میچ کو جیت میں بدل کر دوسری بارٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا خطاب جیت لیا۔ فائنل میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو۷؍ رن سے شکست دے کر۱۳؍ برس بعد ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔ ہندوستان کی اس جیت پر پوری دنیا رقص کرتی ہوئی نظر آئی۔ اسرائیل سے لے کر امریکہ تک نے ہندوستان کو اس کی جیت پر مبارکباد دی ہے۔
کرکٹ کا جنون نہ صرف شائقین بلکہ براڈ کاسٹرس پر بھی واضح طور پر نظر آتا ہے۔ براڈکاسٹر اس گیم کو ٹیلی کاسٹ کرکے کروڑوں ڈالرس کے اشتہارات حاصل کرتے ہیں، اب ٹیم انڈیا کے چمپئن بننے سے اس گیم کی آمدنی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ یہ اندازہ نیوز ایجنسی بلومبرگ نے اپنی ایک رپورٹ میں لگایا ہے۔
منٹ اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے اس مختصر اور تیز رفتار فارمیٹ کے اس سیزن کے سرکاری میڈیا رائٹس ہولڈر ڈزنی اسٹار کو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کے ٹیلی کاسٹ کے دوران دکھائے جانے والے اشتہارات سے۱۸؍ہزار کروڑ روپے یعنی۲ء۲؍ بلین روپے کمائے ہیں۔ اب اس کپ سے زیادہ ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔
ٹی ۲۰؍ فارمیٹ تقریباً ایک دہائی قبل شروع ہوا تھا اور یہ کھیل تقریباً ۳؍ گھنٹے تک جاری رہتا ہے۔ یہ فارمیٹ بالی ووڈ کے گلیمر کو امریکی طرز کی مارکیٹنگ کے ساتھ جوڑتا ہے۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور اس کے پڑوسی ملک پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ۱۰؍ سیکنڈ کے اشتہاری سلاٹ سے اوسطاً۲۰؍ لاکھ روپے ملنے کی امید تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ’من کی بات‘ میں مودی نے ۶۵؍ کروڑ ووٹروں کا شکریہ ادا کیا
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ۳۰؍ سیکنڈ کے ایک سپر باؤل اشتہار کی اندازاً لاگت۶ء۵؍ ملین ڈالرس تھی، جب کہ برطانیہ میں ۲۰۲۲ء کے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران۳۰؍ سیکنڈ کے اشتہار پر تقریباً۴؍لاکھ پاؤنڈ (۵۱۱۰۰۰؍ ڈالرس) وصول کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سال کا چار ہفتے کا ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ اتوار کو ختم ہوا، پہلی بار امریکہ میں آئی سی سی کے بڑے ٹورنامنٹ کے میچ کھیلے گئے تھے اور وہاں کے شائقین نے اسے پسند کیا۔
اس ورلڈ کپ میں امریکہ کے ساتھ کنیڈا کی ٹیم نے بھی شرکت کی تھی اور کرکٹ کے ذریعہ ان ممالک میں بھی بازار تلاش کئے جارہے ہیں۔ کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے اسپانسر امریکہ اور کنیڈا کے بازار میں بھی اپنے پروڈکٹ کو مشہور کرنا چاہتے ہیں۔ براڈکاسٹرس کیلئے بھی امریکہ اور کنیڈا اچھی آمدنی والے مارکیٹ ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کو۲۰ء۳۶؍کروڑ روپے ملے
جنوبی افریقہ کو شکست دے کرٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ چمپئن بننے والی ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم کو انعامی رقم کے طور پر۲۰ء۳۶؍کروڑ روپے ملے۔ اس بار ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ۹۳ء۵۱؍ کروڑ روپے کا ریکارڈ انعامی رقم کا بجٹ رکھا تھا۔ اس کے مطابق فائنل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کو۲۰ء۳۶؍ کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے۔ وہیں فائنل میں ہارنے والی ٹیم جنوبی افریقہ کو۱۰ء۶۴؍ کروڑ روپے سے مطمئن ہونا پڑا۔ اس بار ٹورنامنٹ میں ریکارڈ۲۰؍ ٹیموں نے حصہ لیا۔ سیمی فائنل کھیلنے کے بعد باہر ہونے والی ٹیموں کو۶ء۵۴؍کروڑ روپے ملے۔ ان میں افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ دوسرے راؤنڈ یعنی سپر ۸؍کو عبور کرنے میں ناکام رہنے والی ٹیموں کو۳ء۱۷؍ کروڑ روپے ملے تھے۔