تیجسوی کا سپول میں کارکنان سے خطاب، کہا نتیش کا مقصد صرف تشہیر ہے۔
EPAPER
Updated: December 16, 2024, 11:58 AM IST | Agency | Patna
تیجسوی کا سپول میں کارکنان سے خطاب، کہا نتیش کا مقصد صرف تشہیر ہے۔
راشٹریہ جنتا دل کے سپریمو لالو یادو کے بعد اب اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی مہیلا سنواد یاترا پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار ملک کے سب سے فضول خرچ وزیراعلیٰ ہیں۔ اتوار کو سپول میں اپنی جن سنوادیاترا کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار بہار کو غریب اور ’بیمارو‘ ریاست کہتے ہیں۔ دوسری جانب ۱۵؍ دن کی یاترا کے نام پر دو ارب روپے سے زائد پانی کی طرح بہہ گئے۔ یہ عوام کی محنت کی کمائی کا غلط استعمال ہے اور افسران کو لوٹ مار میں کھلی چھوٹ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’اگر آپ کا خاندان بی جےپی کے ساتھ ہوتا تو کوئی مقدمہ نہیں بنتا‘‘
بہار میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے طور پر تیاریوں میں مصروف ہے۔ انتخابی تیاریوں کے پیش نظر بہار اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ بہار تیجسوی یادو ابھی بہار کے دورے پر ہیں۔ اتوار کوتیجسوی یادو اپنی سنواد یاترا اورکارکنان سے ملاقات کے پروگرام کے تحت سپول پہنچے۔ یہ ان کی یاترا کا تیسرا مرحلہ ہے ہے جو اتوار سے شروع ہوا۔ تیجسوی یادو نے اس موقع پروزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار جو ریاست کی ’یاترا‘ پر نکلے ہیں وہ سوائے فضول خرچی کے اور کچھ نہیں ہے۔ تیجسوی یادو کے مطابق نتیش کمار کی ’یاترا‘ کا مقصد صرف تشہیر ہے۔
یہ بھی پڑھئے:عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کی
تیجسوی یادو نے پیپر لیک ہونے کا معاملہ اٹھایا اور حکومت کو ہر محاذ پر ناکام بتایا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش حکومت طلباء پر لاٹھی چارج کرتی ہے۔ ان کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ قانون ساز انتخابات کے بارے میں تیجسوی نے کہا کہ اگر۲۰۲۵ء میں ہماری حکومت بنتی ہے تو ہم مائی بہن مان یوجنا کو نافذ کریں گے۔ اس کے تحت ہر ماہ ماؤں کے بینک کھاتوں میں ۲۵۰۰؍ روپے کی رقم دی جائے گی۔ حکومت بنتے ہی ہم ایک ماہ کے اندر اس اسکیم کو شروع کر دیں گے۔ انہوں نے ریاست میں پلوں کے گرنے پر بھی سوال اٹھایا اورکہا کہ بدعنوانی کی کوئی تفتیش نہیں ہوتی۔