• Thu, 27 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائی، متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا

Updated: February 26, 2025, 11:27 AM IST | Gaza

ریڈکراس نے کہا اسرائیلی جارحیت کے سبب شمالی مغربی کنارے میں بے گھرہونے والے لوگوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

The streets of Jenin have been dug up and ruined by the Israeli army. Photo: INN
جنین کی سڑکوں کو اسرائیلی فوج نے اس طرح کھودکر برباد کردیا ہے۔ تصویر: آئی این این

مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوج نے جارحیت کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ الخلیل میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ نابلس میں مسجد کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح  مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر اپنے حملے جاری رکھے اور کئی جگہ پر چھاپے مارے گئے اور گرفتاریاں کی گئیں۔ الخلیل میں قابض فوج نے منگل کی علی الصبح شہر کے جنوب میں واقع الفوار کیمپ پر دھاوا بولا اور چھاپہ مار کارروائی اور گرفتاری کی مہم شروع کی۔

یہ بھی پڑھئے: مودی سرکارنے پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی اسکالرشپ ہڑپ لی ہے: کھرگے

مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے کیمپ پر دھاوا بول کر گھروں پر چھاپہ مار کر توڑ پھوڑ کی۔ قا بض فوج نے حال ہی میں جیلوں سے رہا ہونے والے سابق قیدیوں سمیت۶؍ شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھاپہ مار فورس نے العبداللہ، ابو ربیع، العوادی اور احمارو خاندانوں کے گھروں، المقوسی، الطیطی اور قاسم محلوں اور الود اسٹریٹ پر چھاپے مارے، گھروں اور شہریوں کی املاک کی توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔ الفوار کیمپ پر چھاپے کے دوران قابض فوج کے جنگی طیارے اور ڈرون مسلسل پروازیں کرتے رہے۔ ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں قابض فوج نے منگل کے روز فجر کے وقت شہر پر دھاوا بولا اور شہر کے مغربی حصے میں ایک مسجد اور ایک قبرستان پر چھاپہ مار کر وہاں توڑ پھوڑ کی۔ 
 ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں شہریوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ شمالی غرب اردن کی طرف واپس آنے والے بے گھر افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔  بیان میں کہا کہ’’لوگ اپنی بنیادی ضروریات جیسے کہ صاف پانی، خوراک، طبی دیکھ بھال اور پناہ گاہ تک رسائی کیلئے  جدوجہد کر رہے ہیں۔ ریڈ کراس کمیٹی نے تصدیق کی کہ وہ فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ساتھ مل کر راحت رسانی کا کام کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK