• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سندیش کھالی کا معاملہ پیچیدہ سے پیچیدہ تر

Updated: May 14, 2024, 10:42 AM IST | Agency | Kolkata

ترنمول کانگریس کے اسٹنگ ویڈیو ز کو بی جےپی نے فرضی قرار دیا ،بی جےپی لیڈرپرینکا تبریوال نے سی بی آئی کو خط لکھ کر سندیش کھالی میں مبینہ جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی، سی بی آئی کی ٹیم کا سندیش کھالی کا دورہ۔

Sandeshkhaliis`s women beat up Trinamool Congress workers on Sunday. Photo: INN
سندیش کھالی کی خواتین نے اتوار کو ترنمول کانگریس کے کارکنوں کی پٹائی کردی تھی۔ تصویر : آئی این این

سندیش کھالی میں زمین پر قبضہ، خواتین کے جنسی استحصال اور مہینوں قبل ای ڈی کی ٹیم پرحملےکے بعد سےپیدا ہونے والے حالات نے اس کیس کو پیچیدہ سے پیچیدہ تربنادیا ہے۔ اسٹنگ ویڈیوز کے حوالے سے جن میں جنسی زیادتی کاشکار خواتین نے اس طرح کے کسی بھی معاملے کی تردید کی ہے اوربی جے پی لیڈروں پروہائٹ پیپر پردستخط کروانے کا الزام لگایا ہے، ترنمول کانگریس نےبی جے پی کو پوری طرح گھیر لیا ہےجبکہ بی جےپی کی جانب سے ان ویڈیوز کو فرضی قراردیا جارہا ہےاوروہ ترنمول کانگریس پر الزام لگا رہی ہےکہ خواتین کوالزام واپس لینے مجبور کیاجارہا ہے اور انہیں ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ ادھر یہ خبر بھی آئی کہ سندیش کھالی کی خواتین نے اتوارکو ترنمول کانگریس کے کارکنوں کو دوڑا دوڑاکر پیٹا اور ان پران کا فرضی ویڈیوبنانے کا الزام لگایا ہے۔ 
 اس دوران بی جے پی لیڈر پرینکا تبریوال نےسی بی آئی کو خط لکھ کرسندیش کھالی میں جنسی زیادتی کاشکار ہونے والی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ 
 دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پیر کو سی بی آئی کی ٹیم سندیش کھالی میں ای ڈی کی ٹیم پر حملے کے معاملات کی جانچ کر نے کیلئے مذکورہ علاقے کا دورہ کیا اور شاہ جہاں شیخ کے خلاف شکایت کرنے وا لے سنجے منڈل کے گھر پر جاکر پوچھ تاچھ کی۔ واضح رہےکہ شاہ جہاں شیخ ان معاملات میں کلیدی ملزم ہیں اورفی الحال پولیس کی حراست میں ہیں۔ 
 سی بی آئی کی ٹیم چار رکنی ممبروں پر مشتمل تھی اور ان کے ساتھ مرکزی فورسیز کے جوان بھی تھے۔ سی بی آئی کے افسران نے سنجے اور ان کی بیوی سے پوچھ گچھ کی۔ شکایت کی تحقیقات کے لیے سنجے کے پڑوسیوں سے بھی بات چیت کی۔ سی بی آئی سندیش کھالی میں مختلف واقعات کی شکایتوں کی جانچ کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سنجے نے ای میل کے ذریعے سی بی آئی کو پانچ سال پرانی شکایت کی کاپی پیش کی تھی۔ سنجے نے دعویٰ کیا کہ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات کے دوران شاہجہاں شیخ اور ان کے ساتھیوں نے ان کے گھر پر حملہ کیا تھا اور گھر کو آگ لگا دی تھی۔ سنجے اور اس کی بیوی کو مبینہ طور پر شدید مارا پیٹا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: انڈونیشیا : سیلاب اورمٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد۴۱؍ ہوگئی

دوسری طرف، پیر کی دوپہر سندیش کھالی کے باگڈی پارہ چوراہے سے متصل علاقے میں، کچھ مقامی بی جے پی کارکنوں نے دیوار پر ریاستی اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری کے پوسٹر چسپاں کر رہے تھے۔ مبینہ طور پر اس وقت علاقے کے کئی ترنمول کانگریس کے کارکنان نے انہیں پوسٹر لگانے سے روک دیا۔ اس سے ترنمول اور بی جے پی کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ ان کے دو کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی سندیش کھالی تھانے کی پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی۔ 
 واضح رہےکہ سندیش کھالی کیس میں ترنمول کانگریس ۲؍ ویڈیوز جاری کرچکی ہےجن میں سے ایک ویڈیو میں کچھ خواتین کو دکھایا گیاجن کا کہنا تھا کہ بی جے پی لیڈر ممپی نے ان سے وہائٹ پیپرپر دستخط کروائے تھےاور اس پرجنسی زیادتی کی کہانی لکھ دی جس کا علم انہیں بعد میں ہوا جبکہ انہوں نے یہ الزامات نہیں لگائے تھے۔ ترنمول کانگریس نے اس معاملے میں قومی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ ریکھا شرما کے خلاف بھی الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے اوران پر خواتین کو ڈرانے، دھمکانے، فریب دہی اور جعل سازی کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔ ترنمول کانگریس نے ریکھا شرما کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت کی ہے۔ ترنمول کانگریس نے سنیچر کی رات ایک اور ویڈیو جاری کیا تھا جس میں بی جے پی لیڈرگنگادھر کیال کویہ کہتے ہوئے سناگیا کہ ۵۰؍ بوتھوں پر جو ان کی حدود میں ہیں، ہنگامہ آرائی روکنے کیلئے انہیں ۵۰؍ پستول اور۶۰۰؍ کارتوس کی ضرورت ہوگی۔ ویڈیو میں کیال نے یہ بھی کہا تھا کہ شاہ جہاں شیخ کے خلاف احتجاج کیلئے خواتین کو پیسے دئیے گئے تھے۔ کیال کو ہی اسٹنگ ویڈیومیں یہ بھی کہتےہوئے سناگیا تھا کہ شاہ جہاں شیخ کےخلاف آبروریزی کے الزامات فرضی تھے۔ 
 دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے سندیش کھالی کے اسٹنگ ویڈیو پر دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پیچھے پولیس کا ہاتھ ہے۔ بی جے پی کے مقامی لیڈر گنگادھر کیال کو دو ویڈیوز میں جو کچھ کہتے ہوئے سنا گیااس کے مطابق بی جے پی اور شوبھندو ادھیکاری کے اشارے پر سندیش کھالی میں عصمت دری کے جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔ 
 شوبھندو ادھیکاری کا کہنا ہے کہ اسٹنگ ویڈیو کی سازش کے پیچھے ابھیشیک بنرجی کا ہاتھ ہے۔ پولیس سندیش کھالی میں ترنمول کانگریس کی مدد کیلئے یہ سب کچھ کررہی ہے اور اس میں بشیرہاٹ پولیس ضلع کے سپرنٹنڈنٹ اور بشیرہاٹ کے ایس ڈی پی اوشامل ہیں۔ ادھیکاری نے کہا کہ اس علاقے میں ترنمول کانگریس صفر ہے اس لئے پولیس کی مدد سے آگے بڑھنے کی کوشش کررہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK