• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انتخابی مہم زوروں پر، ریلیوں کا شور، سیٹوں پر قبضہ کی جنگ

Updated: May 14, 2024, 6:20 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ممبئی و اطراف میں جگہ جگہ ریلیاں اور میٹنگیں، ’انڈیا‘ اتحاد اُدھوکی قیادت میں سرگرم، زعفرانی اتحاد کیلئے امیت شاہ، پشکر سنگھ دھامی، بھجن لال شرما اور تیجسوی سوریہ ممبئی پہنچے، ۱۷؍ مئی کو دونوں محاذ میں آمنے سامنے کی ٹکر۔

Uddhav Thakreay addressing an election rally for his party`s candidate Anil Desai. Photo: INN
اُدھوٹھاکرے اپنی پارٹی کے امیدوار انل دیسائی کیلئے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

ممبئی و اطراف میں۲۰؍ مئی کو  پانچویں مرحلےکی پولنگ کیلئے انتخابی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ ایک طرف جہاں  انڈیا اتحاد  فی الوقت شیوسینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے کی قیادت میں  کانگریس اور این سی پی کے سینئر لیڈروں  کے ساتھ سرگرم ہے وہیں دوسری جانب زعفرانی اتحاد (مہایوتی)کی انتخابی مہم میں شرکت کیلئے وزیرداخلہ امیت شاہ سے لے کر کرناٹک کے ایم پی تیجسویہ سوریہ تک ممبئی پہنچ رہے ہیں۔  یاد رہے کہ ممبئی  اور اس کے آس پاس۲۰؍ مئی کو ووٹ ڈالے جائیں  گے۔ ۱۸؍ مئی کو انتخابی مہم کے ختم ہونے سے قبل دونوں محاذ کی ۱۷؍ مئی کی آمنے سامنے کی ٹکر متوقع ہے جب  شیواجی پارک میں  زعفرانی محاذ کی اور بی کے سی ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ میں  ’انڈیا ‘اتحادکی  مہا ریلیوں کا انعقاد کیا جائےگا۔  زعفرانی اتحاد کی ریلی میں شرکت کیلئے وزیراعظم نریندر مودی  پہنچیں گے  جبکہ انڈیا اتحاد کی ریلی میں ملکارجن کھرگے، اروند کیجریوال اور شرد پوار کے علاوہ دیگر لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ 
ریلیاں، روڈ شو اور گھر گھر پہنچنے کی مہم
  ممبئی کی ۶؍ سیٹوں  میں مقابلہ انتہائی دلچسپ ہے۔ ۳؍ سیٹوںممبئی نارتھ ویسٹ، ممبئی ساؤتھ اور ممبئی ساؤتھ سینٹرل میں شیوسینا بمقابلہ شیوسینا لڑائی ہے۔ یہ وہ سیٹیں ہیں جن پر ۲۰۱۹ء میں شیوسینا نے کامیابی حاصل کی تھی مگر وہ اراکین  پارلیمان بغاوت کرکے شندے گروپ کے ساتھ بی جےپی کے اتحادی بن گئے۔ بقیہ تین سیٹوں میں سے ۲؍ سیٹوں ممبئی نارتھ ، ممبئی نارتھ سینٹرل پر کانگریس اور بی جےپی کا مقابلہ ہے جبکہ ممبئی نارتھ ایسٹ پر بی جےپی اور شیوسینا (اُدھو) میں  مقابلہ ہے۔  پیر کو انڈیا اتحا دکی جانب سے ساؤتھ ممبئی میں  رویندر وائیکر کی جانب سے مدنپورہ اوراطراف میں روڈ شو کا انقاد کیاگیا اور شام ۶؍ بجے مولانا آزاد روڈ گول دیول (ڈنکن روڈ) پر جلسہ عام کا انعقادکیاگیا جس میں آدتیہ ٹھاکرے اور سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے شرکت کی۔ اُدھر کانگریس کے امیدوار بھوشن پاٹل کیلئے ملاڈ ایسٹ میں گھر گھر پہنچ کر عوام کو  سیکولر اتحاد کے حق میں ہموار کرنے کی مہم چلائی گئی۔ اسی طرح واکولا میں کانگریس کی امیدوارورشا گائیکواڈ  کیلئےجن سمواد یاترا کا انعقاد کیاگیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: سواتی مالیوال نے وزیراعلیٰ کے سیکریٹری پر مارپیٹ کا الزام لگایا

یہ مودی سرکار نہیں گجنی سرکار ہے:اُدھوٹھاکرے
  موجودہ لوک سبھا الیکشن میں شیوسینا (اُدھو) کے سربراہ اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے ووٹ مانگنے کیلئے مسلم اکثریتی علاقوں کا بھی دورہ کررہے ہیں جہاں ان کیلئے امڈنے والی بھیڑ  نے سیاسی پنڈتوں کو حیرت میں مبتلا کردیاہے۔ اتوار کو اُدھو ٹھاکرےمسلم اکثریتی بستی چیتاکیمپ میں اپنے امیدوار انل دیسائی کی انتخابی مہم میں شرکت کیلئے پہنچے جہاں شیوسینا (شندے) کی جانب سے ۲؍ بار کے ایم پی راہل شیوالے میدان  میں ہیں۔ اُدھو ٹھاکرے نے یہاں خطاب کرتے ہوئے    غدار کے مقابلے وفادار  کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے  یہ نشاندہی بھی کی کہ ان کا ہندوتوا بی جےپی کے  ہندوتوا سے مختلف ہے۔  انہوں نے کہا کہ شیوسینا (اُدھو) کاہندوتوا گھروں میں چولہے جلانے والاہے جبکہ بی جےپی کا ہندوتوا گھر جلانے والا ہے۔ مودی سرکار کی وعدہ خلافیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہ مودی سرکار نہیں،گجنی سرکار ہے۔‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں نےبی جےپی کے ۴۰۰؍ پار کے نعرہ کے جواب میں’’اب کی بار، بی جےپی تڑی پار‘‘کا نعرہ بھی بلند کیا۔
 زعفرانی اتحاد کیلئے سینئر لیڈر ممبئی پہنچے
 اُدھو ٹھاکرے کو جہاں  یہ امید ہے کہ پارٹی میں بغاوت کے  بعد عام شیوسینکوں اور عوام میں پیدا ہونے ہمدردی کی لہر ان کے امیدواروں کی کامیابی میں اہم رول ادا کرے گی وہیں  زعفرانی اتحاد نے مذکورہ سیٹوں کو بچانے کیلئے  بڑے بڑے چہروں کو انتخابی مہم میں اتارنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ وزیراعلیٰ  ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ  دیویندر فرنویس کے علاوہ پیر کو وسئی میں ریلی سے خطاب کرنے کیلئے امیت شاہ  ممبئی پہنچے۔ انہوںنے پال گھر سے بی جےپی کے امیدوار  ڈاکٹر ہیمنت سوارا کی انتخابی مہم میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ  بی جےپی جواں سال ایم پی تیجسوی سوریہ جو اپنی اشتعال انگیزی اور مسلم مخالف بیان بازی کیلئے بدنام ہیں نے ممبئی پہنچ کر ممبئی نارتھ سینٹرل حلقے میں  بی جےپی امیدوار اُجول نکم اور ممبئی نارتھ ایسٹ میں  مہیر کوٹیچا  کی انتخابی مہم میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ اُتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اور راجستھان کے وزیراعلیٰ  بھجن لال شرما بھی پیر کو ممبئی میں خیمہ زن رہے۔ بھجن لال شرما نے ممبئی نارتھ سے بی جےپی کے امیدوار پیوش گوئل کی انتخابی مہم میں شرکت کی۔ 
۲۰؍ مئی کو مہاراشٹر میں انتخابی عمل کی تکمیل
۲۰؍ مئی کوممبئی کے ۶؍ پارلیمانی حلقوں سمیت مہاراشٹر کی ۱۳؍ سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں پارلیمانی الیکشن مکمل ہوجائےگا۔ اس مرحلے میں ممبئی کی۶ ؍ سیٹوں کے علاوہ تھانے، کلیان بھیونڈی، دھولیہ، ناسک، پال گھر اور دنڈوری پارلیمانی حلقے میں ووٹنگ ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK