• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ میں’ بم‘ نامی طوفان کا قہر، شدید بارش، تیز ہوائیں، بجلی گل

Updated: November 22, 2024, 1:38 PM IST | Agency | Washington

طوفان کے سبب ۲؍ افراد کی موت ، درخت گرنے سے ۲؍ زخمی، ۵؍ لاکھ افراد بجلی سے محروم پڑوسی ملک کنیڈا میں بھی بجلی کے گل ہونے کا اثر۔

This storm can cause more destruction in America. Photo: INN
امریکہ میں یہ طوفان مزید تباہی مچا سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

امریکہ کے شمال مغربی علاقے میں آنے والے ’بم ‘ نامی شدید طوفان سے ۵؍ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ اس طوفان کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور متعدد گھر تباہ ہوگئے ہیں، طوفان کے باعث ہمسایہ ملک کینیڈا کو بھی بجلی کی فراہمی میں خلل اور بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔ 
  یاد رہے کہ اس طوفان کی وجہ سے مختلف قسم کے نقصانات ہوئے ہیں۔ ریاست واشنگٹن میں تیز ہوائیں چلیں اور موسلا دھار بارش ہوئی جہاں دو افراد کے ہلاک اور دو کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سیئٹل کے قریب ایک درخت کے گرنے سے ایک اور خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ میپل ویلی میں ایک درخت ٹریلر پر گر پڑاجس کی وجہ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ’بم‘ طوفان میں ۹۶؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے درختوں کو اکھاڑ دیا اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ 

یہ بھی پڑھئے:میراپور، کندرکی، سیسہ مئو اور کٹہری میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ

شدید موسم کی وجہ سے مغربی واشنگٹن کے اسکولوں میں بھی تدریسی عمل متاثر ہوا اور بہت سے اسکولوں نے کلاسیں منسوخ یا ملتوی کر دیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے مطابق واشنگٹن، جنوب مغربی اوریگون اور شمالی کیلیفورنیا میں پانچ لاکھ ۳۰؍ ہزار سے زائد گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہیں۔ مقامی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں کیونکہ درخت اور بجلی کی لائنیں گرنے سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ بیلیویو میں فائر ڈپارٹمنٹ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نچلی منزلوں پر پناہ لیں اور کھڑکیوں سے باہر جھانکنے سے گریز کریں۔ امریکی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے شمالی کیلیفورنیا اور جنوب مغربی اوریگون میں `جان لیوا سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے جمعرات کو طوفان کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وقت کے تفرق کے سبب یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ جمعرات کو طوفان کس حد تک شدید ہوا۔ محکمہ موسمیات نےیہ بھی کہا ہے کہ جمعہ تک کچھ علاقوں میں بارش ۵۱؍ سینٹی میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ 
 یا د رہے کہ امریکہ کی کچھ ریاستوں میں ہر سال اکتوبر یا نومبر کے مہینے میں طوفان کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ بجلی گل ہونا اور مکانات میں پانی گھس آنا اس عرصے کے دوران عام بات ہے۔ انتظامیہ متاثرہ افراد تک جلد ازجلد امداد پہنچانے کا حکم دیا ہے ساتھ ہی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK