Inquilab Logo Happiest Places to Work

پلاوا پُل کا افتتاح کنال کامرا کے ہاتھوں ۳۱ ؍اپریل کو ہوگا!

Updated: April 02, 2025, 11:49 AM IST | Mumbai

پل کی تعمیر میں تاخیر پر سابق رکن اسمبلی کا بینر نصب کرکے نائب وزیر اعلیٰ اور رکن پارلیمان پر طنز۔

Banner put up by former MLA Rajiv Patil. Photo: INN
سابق رکن اسمبلی راجیو پاٹل کے ذریعے لگایا گیا بینر۔ تصویر: آئی این این

شیل پھاٹا روڈ پر واقع پلاوا جنکشن پر روزانہ زبردست ٹریفک جام ہوتا ہے۔ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے دیسائی کھاڑی اور پلاوا جنکشن کے درمیان فلائی اوور بریج تعمیر کیا جارہا ہے۔پچھلے کئی برسوں سے فلائی اوور بریج کا تعمیراتی کام جاری ہے لیکن محکمہ تعمیرات کی سرد مہری اور فنڈ کی کمی کے سبب کام مکمل نہیں ہو پا رہا ہے۔اس پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سابق  رکن اسمبلی راجو پاٹل نے پلاوا جنکشن پر ایک بڑی  ہورڈنگ نصب کی ہے جس پر لکھا  ہے’’پلاوا بریج کا افتتاح کنال کامرا  کے ہاتھوں ۳۱ ؍اپریل کو ہوگا.....اپریل فول۔‘‘
شیل پھاٹا روڈ پر ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں، ڈرائیوروں اور اسکولی طلبہ کو  پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔بیشتر اوقات ایسا بھی ہوا ہے کہ ٹریفک جام ہونے سے اسکولوں کو چھٹی بھی دینی پڑی ہے۔اس سڑک پر کلیان۔تلوجہ میٹرو لائن کا کام شروع ہے۔دوسری طرف پلاوا فلائی اوور کا کام بھی جاری ہے۔اس کے نتیجے میں شیل پھاٹا روڈ پر روزانہ گھنٹوں ٹریفک کا اژدہام لگا رہتا ہے۔۲۔۲؍ گھنٹے تک گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی  رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: عروس البلاد میں عیدالفطر جوش وخروش سے منائی گئی

ٹریفک جام سے نجات دلانے کیلئے ہی ۴؍ سال قبل پلاوا جنکشن پر فلائی اوور بریج کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن طویل عرصہ گزرنے پر بھی فلائی اوور کا کام ہنوز نامکمل ہے۔حالانکہ کے اس علاقے کے رکن پارلیمان شری کانت شندے  نے کئی مرتبہ  پلاوا فلائی اوور بریج کے کام میں تیزی لانے کا یقین دلایا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
 تاریخ پے تاریخ دینے سے ناراض رکن اسمبلی راجو پاٹل نے یکم اپریل کو نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ایک ٹویٹ کیا۔انہوں نے لکھا کہ تاریخوں کے وعدوں سے بھرا پل، بن رہا تھا،بن رہا ہے اور بنتا رہے گا۔اس کے علاوہ راجو پاٹل نے پلاوا جنکشن کے سگنل پر ایک بڑی سی ہورڈنگ نصب کی ہےجس پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ان کے بیٹے اور رکن پارلیمان شری کانت شندے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے  درج ہے کہ ۳۱ ؍اپریل کو کنال کامرا کے ہاتھوں پلاوا فلائی اوور بریج کا افتتاح ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK