• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تعاقب میں آنے والے پولیس کانسٹبل کو پھٹکا گینگ ممبروں نے زہریلا انجکشن لگا کر مارڈالا

Updated: May 03, 2024, 7:54 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

سائن اورماٹونگا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہوئی ایک واردات نےشہریوں کو دہلا دیا ہے۔ ہوا یوں کہ لوکل ٹرین میں سفر کے دوران دروازے پر کھڑے ہوکر فون پر گفتگو میں مصروف ایک ۳۰؍ سالہ پولیس کانسٹبل کے ہاتھ پر ڈنڈا مار کر پھٹکا گینگ کے ممبر نے اس کا موبائل فون چھین لیا۔

Police Constable Vishal Pawar. Photo: INN
پولیس کانسٹبل وشال پوار۔ تصویر : آئی این این

سائن اور ماٹونگا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہوئی ایک واردات نے شہریوں کو دہلا دیا ہے۔ ہوا یوں کہ لوکل ٹرین میں سفر کے دوران دروازے پر کھڑے  ہوکر فون پر گفتگو میں مصروف ایک ۳۰؍ سالہ پولیس کانسٹبل کے ہاتھ پر ڈنڈا مار کر پھٹکا گینگ کے ممبر نے اس کا موبائل فون چھین لیا ۔ جب اس پولیس اہلکار نے اس چور کا تعاقب کیا تو اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے اس پولیس کانسٹبل کوپکڑکر زہریلی سوئی لگا دی جس سے اس کی موت ہوگئی۔ اس کیس کی تفتیش کرنے والے دادر جی آر پی کے انسپکٹر انل کدم نے انقلاب کو بتایا کہ اب تک پولیس کو اس کیس میں ملزموں کا کوئی پختہ سراغ نہیں ملا ہے اس لئے اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: باندرہ :کلکٹرآفس کے قریب ٹریفک جام ، شہریوں کو دشواریاں

البتہ پولیس کانسٹبل وشال پوار کی موت کے بعد اس کیس میںقتل کی دفعہ شامل کرلی گئی ہے۔ معاملہ یہ ہے کہ ممبئی کی ’لوکل آرمس یونٹ‘ میں تعینات کانسٹبل وِشال پوار اتوار کی شب ڈیوٹی پر جانے کیلئے تھانے میں واقع اپنے گھر سے نکلے اور ٹرین میں سوار ہوئے۔ انہوں نے وردی کے بجائے عام کپڑے پہنے تھے اور وہ ٹرین کے دروازے پر کھڑے ہو کر سفر کررہے تھے۔ شب ۹؍  اور ۱۰؍ بجے کے درمیان جب ٹرین سائن اور ماٹونگا کے درمیان گزر رہی تھی تو اس کی رفتار دھیمی ہوگئی جس پر بازو کے ریلوے ٹریک پر کھڑے پھٹکاگینگ کے ممبر نے وشال کےہاتھ پر ڈنڈے سے مارا جس کی وجہ سے ان کا موبائل فون ٹرین سے نیچے گرگیا۔ ڈنڈے سے حملہ کرنے والا شخص فوراً ان کا موبائل فون اٹھاکر وہاں سے بھاگنے لگا۔ چونکہ ٹرین کی رفتار دھیمی تھی اس لئے وشال ٹرین سے نیچے کود گیا اور اس چور کا تعاقب کرنے لگا۔ کچھ دور جانے کے بعد اس چور کے دیگر ساتھیوں نے وشال کو گھیر لیا اور ان کے درمیان لڑائی ہونے لگی۔ اس دوران چند افراد نے وشال کو پکڑ لیا اور پیچھے سے کسی نے اسے زہریلا انجکشن لگادیا۔ اس کے علاوہ ان لوگوں نے زبردستی اس کے منہ میں کوئی لال رنگ کا مائع بھی ڈال دیا جس کی وجہ سے   وشال بے ہوش ہوگیا ۔ دوسرے روز صبح جب انہیں ہوش آیا تو بڑی مشکل سے وہ اپنے گھر پہنچا۔ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے وشال کو تھانے کے اسپتال میں علاج کیلئے بھرتی کرایا گیا۔ اسپتال میں کوپری پولیس اسٹیشن کے افسران نے ان کا بیان لینے کے بعداس تعلق سے کیس درج کرلیا ۔بعدازیں علاج کے دوران بدھ کو دوپہر میں وشال کی موت ہوگئی۔
 چونکہ یہ واردات سائن اور ماٹونگا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہوئی تھی اس لے اس کیس کو سینٹرل ریلوے کے دادر جی آر پی کو منتقل کردیا گیا۔ دادر جی آر پی کے افسران اس معاملے کی تفتیش کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK