• Fri, 13 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیو آر کوڈ اسکین کرکے جے پی سی کو آراء بھیجنے کا عمل تیزی سے جاری

Updated: September 09, 2024, 2:13 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani

شہر اور مضافات کے تقریباً ہرعلاقے میں بیداری ۔ مالونی میں کام بہتر اور منظم انداز میں چل رہا ہے۔ آج خواتین کی خصوصی نشست۔

A woman in Maloney sends her feedback by scanning a QR code. Photo: INN
مالونی میں ایک خاتون کیو آر کوڈ اسکین کرکے اپنی رائے بھیج رہی ہے۔ تصویر : آئی این این

شہر ومضافات کے الگ الگ علاقوں میں وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعے جاری کردہ کیو آر کوڈ اسکین کر کے جے پی سی کو رائے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی کیساتھ یہ یاد دہانی کروائی جارہی ہے کہ اب محض ۴؍دن بچے ہیں، مزید اہتمام کیساتھ یہ کام کیا جائے تاکہ کوئی بچنے نہ پائے اور زیادہ سے زیادہ آراء جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی تک پہنچائی جا سکیں۔ 
تقریبا ًہرعلاقے میں بیداری ہے
 عرب مسجد کے ٹرسٹی رفیق احمد انصاری سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ اچھے انداز میں کام جاری ہے۔ مساجد کے باہر تو لوگ کیو آر کوڈ اسکین کر ہی رہے ہیں گلی محلوں میں جانے پر بھی اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ اہتمام سے یہ کام کر رہے ہیں اور لوگوں کو یاد دہانی بھی کرائی جارہی ہے۔ مجموعی طور پر کافی بیداری ہے اور عوام اسے اپنی ذمہ داری سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ 
حافظ محمداقبال چونا والا(جوگیشوری) نے بتایا کہ یہاں تمام مساجد کے باہر اس کا نظم کیا گیا ہے اسی کے ساتھ عمارتوں کی راہداری میں اور بہت سی دکانوں پر بھی کیو آر کوڈ لگائے گئے ہیں ۔ لوگ اپنی ذمہ داری سمجھ کر یہ کام کر رہے ہے۔ امید ہے کہ آخری تاریخ ۱۲؍ستمبر تک زیادہ سے زیادہ لوگوں کی آراء جے پی سی تک پہنچائی جاسکیں گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام ’جشن یوم اساتذہ‘ منایا گیا

وکھرولی میں مقیم تبریز شیخ نے بتایا کہ یہاں مساجد کی سطح پر اس کا نظم کیا گیا ہے اور لوگ کیو آر کوڈ اسکین بھی کر رہے ہیں لیکن ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وقف املاک کے تحفظ کے پیش نظر مزید بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کا حصہ بنیں اور کوئی بھی رائے دینے سے رہنے نہ پائے۔ سب کو اپنی رائے بھیجنی چاہئے۔ 
 عبداللہ خان(کاندیولی) نے بتایا کہ چارکوپ گنیش نگر، ۹۰؍فٹ روڈ وغیرہ علاقوں میں بہتر انداز میں کام جاری ہے۔ مساجد میں اعلان بھی کیا جاتا ہے جس سے لوگ بیدار ہیں اور رائے بھیج رہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین میں اس تعلق سے محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی جانب سے بھی خاطر خواہ نمائندگی درج کرائی جاسکے۔ 
مالونی میں زبردست بیداری
 دیگر علاقوں کی تفصیلات حاصل کرنے پر یہ اندازہ ہوا کہ کام تو ہر علاقے میں کیا جارہا ہے مگر مالونی میں منظم انداز میں اور ترتیب سے یہ کام چل رہا ہے‌۔ اس کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ مالونی مہاڈا کالونی کے گیٹ پر، بس ڈپو کے پاس گیٹ نمبر ۸ پر، زم زم ہوٹل کے سامنے گیٹ نمبر ۷؍میں، گیٹ نمبر ۵ ؍میں اور کچے روڈ پر جھنکا بھاکر دکان پر کیو آر کوڈ والی بڑی بڑی ہورڈنگس لگائی گئی ہیں اور ان‌ ہی جگہوں پر کیو آر کوڈ اسکین کرنے والے ٹیبل بھی لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاڈا سے کچھ بچیاں کیو آر کوڈ والے کارڈ لے کر لوگوں کو متوجہ کرتی نظر آئیں۔ 
 اس کے علاوہ تمام مساجد کے باہر کیو آر کوڈ لگائے گئے ہیں اور تنظیموں و جماعتوں کے ذمہ داران اس میں پیش پیش رہ کر ترتیب کے ساتھ یہ کام انجام دے رہے ہیں ۔ یہ سلسلہ گزشتہ اتوار کو مسجد قباء (پارکنگ والی مسجد) سے شروع ہوا تھا، پھر مسجد طیبہ(مہاڈا) میں بڑی میٹنگ بلائی گئی۔ اسی میٹنگ میں ہورڈنگ لگانے، پیغام بھیجنے اور ہر سطح پر بیداری لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے۔ 
آج خواتین کی خصوصی نشست 
 مردوں کی طرح خواتین کو بھی بیدار کرنے اور گھر گھر یہ پیغام عام کرنے کی غرض سے آج پیر کی سہ پہر خانقاہ صابریہ انجمن جامع مسجد گیٹ نمبر ۷؍کے پیچھے خواتین کی خصوصی نشست بلائی گئی ہے۔ اس میں انھیں یہ یاد دہانی کرائے جائے گی کہ وہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے گھر گھر تک یہ پیغام پہنچائیں تاکہ وقف املاک کے تحفظ میں خواتین کی عملی طور پر نمائندگی ہوسکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK