• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ میں ادویات کی کمی اور بھکمری سے حالات مزید ابتر

Updated: November 20, 2024, 11:24 AM IST | Agency | Gaza

کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹرنے کہا کہ ناقص تعذیہ کا شکار بچوں کی تعدادتیزی سے بڑھتی جارہی ہے۔

Children can be seen at a food distribution stall in a refugee camp in Gaza. Photo: INN
غزہ کے ایک پناہ گزیں کیمپ میں غذاکی تقسیم کے اسٹال پر بچے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

اسرائیلی حملوں  اور پابندیوں کے سبب غزہ میں  حالات مزید ابتر ہوگئے ہیں۔ ادویات کی کمی، سہولیات کے فقدان اور بڑھتی بھکمری کے سبب اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹرحسام ابوصفیہ نےکہا کہ ’’بھکمری کے سبب بچے اور بوڑھے ناقص تغذیہ کا شکار ہورہے ہیں۔ ادویات کی کمی کے باعث معمر مریضوں کی جان کو خطرہ ہے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ ادویات کی کمی اور طبی سہولیات کے فقدان کے سبب حملوں  میں زخمی ہونیوالے افراد دم توڑرہے ہیں۔ 
 برطانوی وزیر خارجہ کا اظہار تشویش
 اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے پیر کواہل غزہ کیلئے امداد میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ صورتحال بد تر ہوتی جا رہی ہے۔ برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی نے سلامتی کونسل میں کہا کہ غزہ کیلئے امداد میں بہت زیادہ اضافے کی ضرورت ہے۔ لیمی نے کہا، صورتِ حال تباہ کن ہے۔ اتنی خراب کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ 
’’غزہ میں انسانی صورتحال تباہ کن‘‘
  ٹور وینسلینڈ مشرقِ وسطیٰ میں امن کیلئے اقوامِ متحدہ کی کوششوں کے رابطہ کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے امدادی اداروں کو خطرات کا سامنا ہے اور لوگوں تک پہنچنے اور امداد لیجانے میں رکاوٹیں ان کا کام مشکل بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’موسم سرما شروع ہو رہا ہے اور غزہ میں انسانی صورتِ حال تباہ کن ہےخاص طور پر غزہ کے شمال میں جہاں کی لگ بھگ تمام آبادی بے گھر ہو چکی ہے، وہاں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، علاقہ صاف کرنے کی ضرورت ہے جبکہ یہ سب کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کابھی سامنا ہے۔ ‘‘ 

یہ بھی پڑھئے:منی پور کو تشدد کی وارداتوں کیساتھ ہی سیاسی بحران کا بھی سامنا

بھوک و افلاس تباہی کے دہانے پر:اردگان
 ترکی کے صدر رجب اردگان نےجی۲۰؍ سربراہی اجلاس کے دوران سماجی شمولیت اور بھوک و غربت کے خلاف جدوجہد کے زیر عنوان نشست سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قحط کا خطرہ بین الاقوامی درجہ بندی کے مطابق تباہی کی سطح تک پہنچ گیا ہے غزہ کی۹۶؍ فیصد آبادی کو صحت مند خوراک اور پانی تک رسائی نہیں ہے، بڑھتے حملوں اورموسم سرما کے ساتھ غزہ کے لوگوں کے حالات دن بہ دن خراب ہو رہے ہیں۔ 

 امدادی سامان اسرائیلیوں نے لوٹ لیا
اسرائیل میں آباد افراد نے غزہ کے باسیوں کو بھیجی جانے والی عالمی امداد لوٹنا شروع کردی۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا کے مطابق غذائی سامان سے بھرے اقوام متحدہ کے ۱۰۹؍  ٹرک لوٹ لیے گئے ہیں۔ ان ٹرکوں  کے ڈرائیوروں کو بندوق کی نوک پر ٹرک خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا، امدادی  گاڑیوں کو دستی بموں کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ انروا کا کہنا ہے کہ  امدادی قافلے کو اسرائیلی حکام نے اچانک ایسا راستہ اختیار کرنے کا حکم  دیا جس سے ڈرائیور واقف ہی نہیں تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK