کئی علاقوں میں درجہ حرارت ۴۶؍ سے ۴۷؍ ڈگری تک پہنچ گیا ،۱۹؍ سے ۲۳؍ مئی تک کئی ریاستوں میں تیز بارش کا بھی امکان۔
EPAPER
Updated: May 19, 2024, 10:31 AM IST | Agency | New Delhi
کئی علاقوں میں درجہ حرارت ۴۶؍ سے ۴۷؍ ڈگری تک پہنچ گیا ،۱۹؍ سے ۲۳؍ مئی تک کئی ریاستوں میں تیز بارش کا بھی امکان۔
ملک کی کئی ریاستوں میں شدید گرم لہر سے عوام بے حال ہیں اور اس دوران محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں میں ۲۱؍مئی تک لو چلنے کا الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ ۲۳؍ مئی تک کئی ریاستوں میں تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز ہی اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا تھا کہ شمالی ہند ان دنوں شدید لو کی زد میں ہے اور راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور دہلی جیسی ریاستوں میں ۱۷؍ سے۲۱؍مئی تک شدید گرم لہر چلے گی۔
دراصل شمال مغربی ہند کی ریاستوں میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ بیشتر علاقوں میں آسمان سے جھلسا دینے والی آگ برس رہی ہے۔ جمعہ کے روز تو راجدھانی دہلی کے نجف گڑھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۷ء۷؍ ڈگری سلسیس درج کیا گیا تھا جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔ یہی نہیں ۱۴؍ سال بعد دہلی میں ۱۷؍ مئی یعنی جمعہ کو ریکارڈ توڑنے والی یہ گرمی پڑی ہے۔ ہریانہ کے سرسا میں بھی درجہ حرارت ۴۷ء۱؍ ڈگری سلسیس پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’آئین تبدیل کرنے کا بی جے پی کا خفیہ ایجنڈہ ہے‘‘
ابھی کم از کم ۵؍ دن شدید گرمی سے راحت نہیں ملنے والی۔ پنجاب میں بھی جمعہ کے روز گرمی نے ریکارڈ توڑ دیا۔ جمعہ کے روز پنجاب میں سمرالا سب سے گرم علاقہ رہا جہاں کا درجہ حرارت۴۶ء۳؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اس سیزن کا اور۱۱؍سال بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل مئی ۲۰۱۳ء میں سمرالا کا درجہ حرارت ۴۶؍ڈگری کے پار گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات نے مغربی راجستھان میں لو کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب، ہریانہ، دہلی، مشرقی راجستھان کیلئے لو کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، بنگال میں گنگا کے ساحلی علاقوں اور ادیشہ کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے یو پی، گجرات، بہار اور ادیشہ کیلئے ۲۰؍ اور۲۱؍ مئی تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا تھا۔ اس کے بعد بھی گرمی برقراررہےگی اورکئی ریاستوں میں بدلی چھائے رہنے کا بھی ا مکان ہے۔ ۱۹؍ سے ۲۱؍ مئی تک کیرالا اور تمل ناڈ ومیں بارش کا امکان ہے۔