بٹوہ، طلائی چین، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء کی چوری کی ۱۳؍ شکایتیں درج کرائی گئیں، خاطیوں کی تلاشمیں سی سی ٹی وی کیمرے کھنگالے جارہے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 09, 2024, 10:53 AM IST | Agency | Mumbai
بٹوہ، طلائی چین، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء کی چوری کی ۱۳؍ شکایتیں درج کرائی گئیں، خاطیوں کی تلاشمیں سی سی ٹی وی کیمرے کھنگالے جارہے ہیں۔
آزاد میدان میں وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے کی حلف برداری کیلئے جمعرات ۵؍ دسمبر کومنعقدہ تقریب میں چوری کی کم از کم ۱۳؍ وارداتیں ہوئیں جن میں ۱۲ء۴؍ لاکھ روپے کی مالیت کی چیزیں چرالی گئیں۔ پولیس کے مطابق تقریب حلف برداری کے بعد محض ۳؍ دنوں میں چوری کی ۱۳؍ ایف آئی آر درج ہوئی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ پولیس کو اندیشہ ہے کہ شکایتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایڈوکیٹ راہل نارویکر بلا مقابلہ مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر منتخب
چوری کا شکار ہونےوالے زیادہ تر شکایت کنندہ افراد کا یاتو بٹوہ مار لیاگیا یا پھر طلائی چین اُچک لی گئی یا پھر جیب سے نقدی اُڑا لی گئی۔ آزاد میدان پولیس اسٹیشن جہاں چوری کی مذکورہ شکایتیں درج ہوئی ہیں، کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ ’’مزید شکایتیں مل رہی ہیں اور ہم جانچ میں مصروف ہیں۔ ہم نے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنا شرو ع کردیا ہے۔ ‘‘ جن لوگوں نے چوری کی شکایت درج کرائی ہے ان میں شامل ۶۴؍ سالہ شیواجی گاؤلی جو کاندیولی کے رہنےوالے ہیں، نے بتایا کہ ’’شام ساڑھے ۶؍ بجے جب میں گیٹ نمبر ۲؍ سے نکل رہاتھا، تب وہاں بے تحاشہ بھیڑ تھی۔ کسی طرح میں باہر نکلنے میں تو کامیاب ہوگیا مگر نکلنے کے بعد احساس ہوا کہ میری ۳۰؍ گرام کی چین غائب ہے۔ کافی دیر تک ڈھونڈنے اور آس پاس کے لوگوں سے پوچھنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ چین کسی نے چرا لی۔ ‘‘ اندھیر سے آنے والے جے دیوی اپادھیائے کی ۲۰؍ گرام کی سونے کی چین اور سنتوش لاچکے جو فورٹ سے آئے تھے کہ ۱۷؍ گرام کی طلائی زنجیر چرا لی گئی۔ اسی طرح چارکوب کے ولاس چوہان (۷۲؍ سال) نے۲۰؍ گرام کی اور دادر کے موہن کامت(۷۰؍ سال) نے ۳۵؍ گرام کی سونے کی چین کھودی۔ شولاپور سے آنے والے نتن کالے (۲۶؍سال) کے۵۰؍ ہزار روپئے جبکہ ولے پارلے کے اننت کولی (۴۷؍سال) کے ۲۰؍ ہزار روپئے تقریب حلف برداری کی افراتفری میں چوری ہوگئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی پولیس اہلکاروں کے بیگ بھی کھوگئے۔