Updated: March 26, 2025, 9:23 AM IST
| Mumbai
دشا سالیان کے والد نے شکایت درج کرائی، صرف آدتیہ ٹھاکرے ہی نہیں اداکار ڈینو موریہ ، سورج پنچولی ، ریا چکرورتی ، ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ ، سچن وازے اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے ، ایف آئی آر کو سیاسی طور پر آدتیہ کو ہراساں کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔
کیاشیو سینا (ادھو)لیڈر اور رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے کو پھنسانے کی کوششیں ہو رہی ہیں؟ تصویر: آئی این این
دِشا سالیان کی موت کا جن ایک پھر زندہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اسی کے تحت شیو سینا (ادھو) کے نوجوان لیڈر اور رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے کے خلاف دِشا کے والد ستیش سالیان نے ایف آ ئی آر درج کرادی ہے۔ حالانکہ اسی سے جڑے ہوئے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے معاملے میں سی بی آئی اپنی کلوزر رپورٹ داخل کرچکی ہے جس میں اس نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ سوشانت سنگھ نے خودکشی ہی کی تھی ، اس میں قتل کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ دشا سالیان سوشانت سنگھ راجپوت کی منیجر تھی اور اتفاق سے سوشانت کی موت کے چند دنوں بعدان کی بھی موت ہو گئی تھی لیکن اسے سیاسی مقاصد کی وجہ سے مشتبہ بنادیا گیا۔ دِشا کی موت حادثے میں ہوئی تھی ۔ اب اس معاملے میں ستیش سالیان نے ممبئی کے پولیس کمشنر کو تحریری شکایت دی ہے جس کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چلچلاتی دھوپ میں دواؤں کی ڈیلیوری کا کام کرنے کے باوجود روزہ نہیں چھوٹتا
ایف آئی آر سے ایک مرتبہ پھر سیاسی حلقوں اور بالی ووڈ کے حلقوں میں ہنگامہ برپا ہو سکتا ہے کیوں کہ ایف آئی آر میں صرف آدتیہ ٹھاکرے ہی نہیں ہیں بلکہ اداکار ڈینو موریہ ، سورج پنچولی ،ریا چکرورتی ، سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ ، پولیس افسر سچن وازے اوردیگر شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں پرم بیر سنگھ کو اس قتل کی سازش اور معاملے کو دبانے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر اس کیس میں ادھو ٹھاکرے کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ ادھو ٹھاکرے نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے اختیارات کا انتہائی غلط استعمال کرتے ہوئے اس معاملے کو دبانے کی کوشش کی تھی اور اس کے لئے اس وقت کے کمشنر پرم بیر سنگھ پر دبائو بھی ڈالا تھا ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ہی سی بی آئی نےسوشانت سنگھ راجپوت کیس میں عدالت میں کلوژر رپورٹ داخل کی ہے جس میں یہ تسلیم کرلیا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی ہی کی تھی ، ان کے قتل کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے اداکارہ ریا چکرورتی کو کلین چٹ مل گئی ہے۔ اسی معاملے سے متعلق دشا سالیان کیس میں بھی کم و بیش یہی نتیجہ اخذ کیا گیا تھا لیکن شیو سینا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کا سیاسی فائدہ اٹھانے اور آدتیہ ٹھاکرے کو اس میں پھنسانے کے لئے اسے دوبارہ اچھالا جارہا ہے۔
ایف آئی آر میں آدتیہ ٹھاکرے کو ڈرگس ریکیٹ سے متعلق قرار دیا گیا ہے اور کلیدی ملزم قرار دیا گیا ہے جبکہ پرم بیر سنگھ کو اس معاملے کو دبانے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا جارہا ہے۔ ستیش سالیان کے وکیل نلیش اوجھا نےپولیس کمشنر کو براہ راست یہ شکایت سونپی ہے۔ اس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ کس سطح پر اس معاملے کو لے جانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اس نئی ایف آئی آر کی وجہ سےسیاسی ہلچل اور ہنگامہ یقینی ہے کیوں کہ اس میں آدتیہ ٹھاکرے کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ شیو سینا (ادھو ) پہلے ہی اسے سیاسی طور پر محرک ایف آئی آر قرار دے رہی ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں کوئی دم نہیں ہے کیوں کہ سی بی آئی پہلے ہی سوشانت سنگھ معاملے میں کہہ چکی ہے کہ یہ قتل نہیں خودکشی تھی ۔ اسی وجہ سے دشا سالیان کا معاملہ اچھالا جارہا ہے تاکہ سیاسی فائدہ اٹھایا جاسکے لیکن ہمیں معلوم ہے کہ یہ معاملہ بھی پھسپھسا ثابت ہو گا اور اس میں بھی کچھ نہیں نکلے گا۔