• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سگنل فیل ہونے سے سینٹرل ریلوے پر ٹرین خدمات متاثر

Updated: May 14, 2024, 6:42 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

صبح کی بھیڑ بھاڑ کے وقت تھانے میں سگنل میں خرابی، کلیان سے کرلا کے درمیان سروس متاثر ، اسٹیشنوں پر اعلانات نہ ہونے سے مسافروں کو دشواریوں کا سامنا۔

Passengers can be seen walking on the tracks after getting off the trains due to the signal failure. Photo: INN
سگنل فیل ہو جانے کی وجہ سے ٹرینوں سے اتر کر مسافروں کو پٹریوں پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

پیر کا دن سینٹرل ریلوے کے مسافروں کیلئے آزمائش بھرا ثابت ہوا کیونکہ پہلے صبح کے وقت تھانے میں سگنل فیل ہوجانے سے سینٹرل ریلوے پر کلیان سے کرلا کے درمیان ٹرین سروس کئی گھنٹوں تک بُری متاثر رہی جس سے ہزاروں مسافروں کو پریشانی ہوئی اور پھر شام کے وقت تیز بارش کے سبب ٹرینیں تاخیر سے چل رہی تھیں۔ مسافروں کی شکایت ہے کہ اسٹیشنوں پر ٹرینوں کے تاخیر سے چلائے جانے کے تعلق سے کوئی اعلانات نہیں کئے جارہے تھے جس کی وجہ سے زیادہ پریشانی ہورہی تھی۔ جو ٹرینیں چلائی گئیں وہ بہت زیادہ رُک رُک کر اور دھیمی رفتار سے چل رہی تھیں جس سے ٹرین میں سوار ہوجانے کے باوجود لوگوں کو اپنی منزلوں پر پہنچنے میں بہت زیادہ تاخیر ہوئی۔
 ذاتی کام کی بنا پر وکھرولی سے ممبئی سینٹرل آنے والے ۶۵؍ سالہ ناصر الدین انصاری نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ وکھرولی اسٹیشن پر تقریباً ایک گھنٹے تک ٹرین کا انتظار کرتے رہے۔ ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے اور آنے والی ٹرین کے تعلق سے کوئی اعلان نہ ہونے کی وجہ سے تمام مسافر پریشان تھے لیکن مسئلہ سے لاعلم ہونے کی وجہ سے اکثر و بیشتر مسافر پلیٹ فارم پر ہی ٹرین کا انتظار کرتے رہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً ایک گھنٹہ انتظار کے بعد جب وہ گھر واپس لوٹنے لگے تبھی ایک ٹرین آتی دکھائی دی جس پر وہ رُک کر اس میں سوار ہوگئے لیکن وکھرولی سے بائیکلہ پہنچنے کے دوران ٹرین بار بار رُکتی رہی اور معمول سے بہت زیادہ وقت سفر میں صرف ہوگیا۔ راستے میں آس پاس کی پٹریوں پر کئی ٹرینیں ایک کے پیچھے ایک قطار میں کھڑی نظر آئیں جس سے اتنا تو سمجھ آگیا تھا کہ کوئی بڑا مسئلہ ہے لیکن اس وقت سفر جاری رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔

یہ بھی پڑھئے: تیز ہواؤں اور بارش کے سبب بھیونڈی اور کلیان کے مختلف علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر

سینٹرل ریلوے نے سوشل میڈیا پر پیغام ڈالا تھا کہ تھانے میں سگنل فیل ہو جانے کے سبب کلیان اور کرلا کے درمیان تمام لائنوں پر ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔ اس کے بعد ریلوے کی جانب سے مزید ایک پیغام ڈالا گیا جس میں اطلاع دی گئی کہ تمام کوششوں کے بعد تھانے کے سگنل کو صبح ۱۰؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پر مکمل طور پر درست کردیا گیا ہے اور تمام لوکل،میل اور ایکسپریس ٹرینیں حسب معمول چلائی جارہی ہیں۔سینٹرل ریلوے کے ایک ترجمان نے کہا کہ صبح تقریباً ۹؍ بج کر ۱۶؍ منٹ پر سگنل میں خرابی پیدا ہوگئی تھی۔
 واضح رہے کہ سگنل میں خرابی کی وجہ سے متعدد ٹرینیں پٹریوں پر ایک کے پیچھے ایک قطار میں کھڑی ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے سگنل درست ہوجانے کے بعد بھی کئی گھنٹوں تک ٹرینیں تقریباً آدھے گھنٹے تاخیر سے چل رہی تھیں۔
 پیر کو صبح صبح ٹرینوں کا مسئلہ پیدا ہونے سے اکثرو بیشتر ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی بہت زیادہ بھیڑ ہوگئی اور لوگ دفاتر اور کام پر جانے کیلئے ٹرینوں کا انتظار کرتے نظر آئے۔ہفتے میں کام کے پہلے دن ٹرینیں تاخیر سے چلائے جانے پر ممبرا سے ممبئی آنے والے زاہد خان نے کہا کہ ’’ہر اتوار کو سینٹرل ریلوے پر مینٹیننس کیلئے میگا بلاک رکھا جاتا ہے اس کے باوجود یہ حال ہے کہ کبھی سگنل ٹھیک سے کام نہیں کرتا تو کبھی کوئی دیگر خرابی پیدا ہوجاتی ہے اور اکثر سینٹرل ریلوے کی ٹرینیں وقت پر نہیں چلتیں۔‘‘ایک دیگر مسافر نے کہا کہ ’’اب تو عادت سی ہوگئی ہے، سینٹرل ریلوے پر سگنل فیل ہونا یا کوئی دیگر خرابی پیدا ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK