• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرینی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر پر فرضی ’آمدنی سرٹیفکیٹ‘ بنانے کا الزام

Updated: July 24, 2024, 12:50 PM IST | Agency | Pune

آمدنی کم دکھانے کیلئےپوجا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے والدین نے طلاق لے لی ہے، اس معاملے میں پوجا کھیڈکر کو پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا ہے۔

Trainee IAS officer Pooja Khedkar. Photo: INN
ٹرینی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر۔ تصویر : آئی این این

متنازع ٹرینی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کیلئے پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ اب پوجا کے خلاف آمدنی سرٹیفکیٹ کے معاملے میں  غلط معلومات فراہم کرنے کے تحت تفتیش کی جارہی ہے۔ الزام ہے کہ پوجانےیوپی ایس سی کو اپنی آمدنی کم دکھانے کیلئے یہ دعویٰ تھا کہ اس کے والدین نے طلاق لے لی ہے۔ اس معاملے میں تفتیش کی غرض سے پونے پولیس نے پوجا کھیڈکر کو پولیس اسٹیشن طلب کیا ہے۔ جعلسازی اور فریب دہی کی شکایت یوپی ایس سی کی جانب سے پونے پولیس میں کی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مانسون کاڈیڑھ ماہ گزرگیا لیکن گرنا ڈیم کی سطح آب جوں کی توں!

رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت نے بھی پوجا کھیڈکر کے والدین کےطلاق معاملے میں ریاستی حکومت سے مفصل رپورٹ طلب کی ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت سے پوچھا ہے کہ کیا واقعی پوجا کھیڈکر کے والد، والدہ کے درمیان طلاق ہوچکا ہے؟ یہ بھی پوچھاگیا ہے کہ پوجا کھیڈکر کی والدہ منورما کھیڈکر اور والد دلیپ کھیڈکر الگ الگ رہتے ہیں یا ایک ساتھ؟ مرکز کے حکم کے بعد مہاراشٹر حکومت نے معاملے کی جانچ کا ذمہ سی آئی آٹی ٹیم کو سونپ دیا ہے۔ چونکہ آئی اے ایس پوجا کھیڈکر کے والد سرکاری ملازم تھے، اس لئے خاندان کی آمدنی، طے شدہ حد سے زائد تھی۔ باوجود اس کےپوجا  نے نوکری میں  اولیت حاصل کرنے کیلئے اپنی آمدنی کم دکھائی تھی۔ اس کے لئے پوجا  نےیوپی ایس سی کو دئیے گئے حلف نامے میں، والدین کے طلاق کا سرٹیفکیٹ منسلک کرکے دعویٰ کیا تھا کہ اسکے والدین کے درمیان طلاق ہوچکا ہے۔ اور وہ کم آمدنی والے زمرہ میں آتی ہیں۔ خیال رہے کہ مسوری میں واقع لال بہادر شاستری ایڈمنسٹریٹیو اکیڈمی کے ذریعہ پوجا کی ٹریننگ پر پہلے ہی روک لگائی جاچکی ہے۔ خیال رہے کہ پوجا کی ماں، منورما کھیڈکر کسان کو دھمکی دینے کے معاملے میں زیر حراست ہے۔ منورما کی جانب سے پیر کو مقامی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی گئی تھی۔ جسے کورٹ نے یہ کہتے ہوئے نامنظور کردیا ہے کہ دھمکی کا معاملہ سنگین ہے۔ منورما کو ۱۴؍ دنوں  کی عدالتی تحویل میں  جیل بھیج دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK