زیر زمین میٹرو ریل کےدوسرے مرحلےکو ’۲؍اے‘ نام دیا گیا ہےجس کے ۶؍ اسٹیشن ہوں گے۔
EPAPER
Updated: February 26, 2025, 12:57 PM IST | Shahab Ansari | Mumabi
زیر زمین میٹرو ریل کےدوسرے مرحلےکو ’۲؍اے‘ نام دیا گیا ہےجس کے ۶؍ اسٹیشن ہوں گے۔
’ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ(ایم ایم آر سی ایل)‘ نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ زیر زمین میٹرو ۳؍ کا دوسرا مرحلہ جسے ’۲؍ اے‘ نام دیا گیا ہے ، شروع کرنے کیلئے ٹرائل کے طور پر خالی میٹرو ٹرینیں چلانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں دھاراوی سے ورلی کے آچاریہ آترے چوک کے درمیان ۶؍ اسٹیشنوں پر میٹرو شروع کی جائے گی۔واضح رہے کہ اب تک میٹرو انتظامیہ کی جانب سے عوام کو یہی تاثر دیا گیا تھا کہ ممبئی کی زیر زمین میٹرو مکمل طور پر ۲؍ مرحلے میں شروع کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں آرے کالونی سے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) کے درمیان میٹرو خدمات شروع کی جاچکی ہے اور اب تک یہی ظاہر کیا گیا تھا کہ اس کا کف پریڈ سے بی کے سی کے درمیان بچے ہوئے راستہ پر دوسرے مرحلے میں میٹرو خدمات شروع کی جائے گی۔ تاہم ایم ایم آر سی ایل نے دوسرے مرحلے کو ’۲؍ اے‘ نام دیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اس مرحلے میں بی کے سی کے بعد کے اسٹیشن یعنی دھاراوی سے ورلی کے آچاریہ آترے چوک تک ہی ٹرین چلائی جائے گی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کف پریڈ تک میٹرو شروع ہونے کیلئے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھئے: یوسی سی کیخلاف برادرانِ وطن کو متحد کرنے کی کوشش
آچاریہ آترے چوک اسٹیشن کے آگے کا کام کتنے مرحلوں اور کب تک پورا ہوگا، اس کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ حالانکہ ذرائع کے مطابق میٹرو ۳؍ پروجیکٹ کو اس سال کے اخیر تک مکمل کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ ۲؍ اے مرحلے میں جن اسٹیشنوں پر خدمات شروع کی جائیں گی، ان کے نام دھاراوی،شیتلا دیوی مندر، دادر میٹرو، سدھی ونائیک، ورلی اور آچاریہ آترے چوک ہیں۔ یہ کُل ۹ء۷۷؍ کلو میٹر کا راستہ ہے۔ اگرچہ میٹرو انتظامیہ نے ۲؍ اے مرحلے کی افتتاحی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا ہے، تاہم ٹرائل کے علاوہ دیگر بچے ہوئے کام مکمل کرنے اور سیفٹی کمشنر سے خدمات شروع کرنے کی اجازت لینے کے بعد مارچ کے اخیر تک اسے شروع کئے جانے کا امکان ہے۔