• Sun, 14 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کی مخالفت کو عوامی تحریک میں  بدل دینے کی کوشش، دوسرا ملک گیر احتجاج

Updated: April 19, 2025, 6:36 PM IST | Washington

’’۵۰؍ ریاستوں  میں  ۵۰؍ مظاہرےایک تحریک‘‘ کے مخفف کے طو رپر بنائے گئے گروپ ’’۵۰۵۰۱‘‘کو مظاہروں  میں  ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کی امید، عوام کو آمریت کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا پیغام

A scene from a protest against Trump. Photo: INN
ٹرمپ کے خلاف احتجاج کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

ٹرمپ کے آمرانہ طرز عمل، امریکی اقدار کے خلاف اُن کے اقدما ت اور ان کے فیصلوں  کی وجہ سے جمہوریت کو لاحق خطرات سےنمٹنے کیلئے امریکہ میں  ٹرمپ کی مخالفت کو عوامی تحریک میں  بدل دینے کی کوشش کے تحت ۱۵؍ دنوں  میں   دوسری بار سنیچر کو (ہندوستانی وقت کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب) پھرملک گیر مظاہروں  کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ’’۵۰؍ ریاستوں  میں  ۵۰؍ مظاہرے،ایک تحریک‘‘ کے مخفف کے طور پر قائم کئے گئے گروپ ’’۵۰۵۰۱‘‘کو امریکہ کی ۵۰؍ ریاستوں   میں   ۴۰۰؍ سے زیادہ مظاہروں اور ریلیوں  میں ۱۱؍ ملین ( ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ) یعنی امریکہ کی کل آبادی کے ۳ء۵؍ فیصد سے زیادہ کی شرکت کی امید ہے۔ ۲۰؍ جنوری کو ڈونالڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد امریکہ میں  ان کے خلاف یہ چوتھا بڑا مظاہرہ ہے۔اس سے قبل جو مظاہرے ہوئے ان میں  ۱۷؍ فروری کا ’’نوکنگس ڈے‘‘احتجاج شامل ہے۔اس احتجاج کا عنوان ٹرمپ کے اس سوشل میڈیا پوسٹ سے متاثرتھا جس میں  انہوں  نے اپنےلئے بادشاہ کا لفظ استعمال کیاتھا۔ ٹرمپ کے اقتدار میں  آنے کے بعد ان کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا احتجاج ملک کی تمام ۵۰؍ ریاستوں  میں   ۵؍ اپریل کو ’’ہینڈس آف ‘‘ کے بینر تلے ۱۲؍ سو سے زائد ریلیاں  تھیں۔ یہ ریلیاں   امریکہ کے سرکاری اداروں  پر ایلون مسک کی قیادت میں   ٹرمپ انتظامیہ کے حملوں  کے خلاف تھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: سری لنکا نے ہندوستان کیساتھ زمینی رابطے کی تجویز مسترد کر دی

ٹرمپ کی مخالفت کو تحریک کی شکل دینے کی کوشش کرنے والے افراد کے مطابق ان مظاہروں  کا مقصد عوام اوراپوزیشن پارٹیوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں  کے خلاف مزاحمت اور آواز بلند کرنا ضروری ہے۔ ’’۵۰۵۰۱‘‘تحریک کی ترجمان ہیتھر ڈَن نے بتایا کہ سنیچر کے مظاہروں  کا مقصد’’جمہوریت کو ٹرمپ انتظامیہ میں  بڑھتی آمریت سے بچانا ہے۔‘‘ انہوں  نے اپنے گروپ کو ’’جمہوریت حامی، آئین حامی اور حکومت کے حد سے تجاوز کے خلاف‘‘ زمینی سطح کی تحریک قرار دیا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ سے گفتگو کرت ہوئے انہوں  نے بتایا کہ ’’ہمارے ساتھ ڈیموکریٹس کے ساتھ ریپبلکن بھی مارچ کررہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں   جو امریکہ میں  یقین رکھتے ہیں، وہ منصفانہ حکمرانی کے حامی ہے، ان کی نظر میں  عوام منافع پر مقدم ہیں۔‘‘
منصوبہ کے مطابق واشنگٹن میں  مظاہرین نائب صدر جے ڈی وینس کےگھر کے باہر، واشنگٹن نوَل آبزرویٹری کے میدان میں اور لفایت اسکوائر میں  اکٹھا ہوں گے۔ اس کے علاوہ جارج واشنگٹن کی یادگار سے وہائٹ ہاؤس تک مارچ کا بھی منصوبہ ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK