Updated: August 11, 2024, 5:14 PM IST
| İstanbul
ترکی میں سنیچر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سے پابندی ہٹا لی گئی۔ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے وزیر عبدالقادر یورالوگلو نے ایکس پوسٹ پر کہا کہ انسٹاگرام حکام کے ساتھ ہماری بات چیت کے نتیجے میں ہم پابندی کو ختم کررہے ہیں ۔ کمپنی نے حکومت کے خدشات کو دور کرنے کیلئے حکام کے ساتھ تعاون کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
۲؍ اگست کو ترکی میں انسٹا گرام پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تصویر: آئی این این۔
ترکی نے سنیچر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام تک رسائی بحال کر دی ہے جب کمپنی نے حکومت کے خدشات کو دور کرنے کیلئے حکام کے ساتھ تعاون کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یاد رہے کہ ترکی نے ۲؍ اگست کو ملک کے قوانین اور قواعد نیز عوامی حساسیت کی تعمیل کرنے میں ناکامی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پابندی عائد کردی تھی۔ ترکی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے انسٹاگرام پر حماس کے سیاسی قائداسماعیل ہانیہ کے قتل پر تعزیتی پوسٹس کو بلاک کرنے کا الزام عائد کیا۔ ترکی نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے، فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور مغرب کی طرف سے اسرائیل کی غیر مشروط حمایت پر تنقید کی ہے۔ نو دن کی پابندی کی وجہ سے صارفین اور چھوٹے کاروبار والے افراد کو کافی نقصان اٹھانا پڑا جس کی وجہ سے صارفین اور کاروباریوں میں ناراضگی پائی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ : اسکول میں نماز ِفجر کے دوران بمباری،۱۰۰؍ سے زائد شہید
ڈیٹا پلیٹ فارم اسٹیٹسٹا کے مطابق، ترکی انسٹاگرام کے استعمال کے لحاظ سےہندوستان، امریکہ، برازیل اور انڈونیشیا کے بعد دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ترکی میں انسٹا گرام صارفین کی تعد ۵۷؍ملین سے زیادہ ہے۔ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے وزیر عبدالقادر یورالوگلو نے ایکس پوسٹ پر کہا کہ انسٹاگرام حکام کے ساتھ ہماری بات چیت کے نتیجے میں، ہم پابندی کو ختم کررہے ہیں کیونکہ انسٹا گرام کے حکام نے کیٹلاگ جرائم اور صارفین پر عائد سنسر شپ کے حوالے سے ہمارے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کا وعدہ کیا۔ ترکی کے قانون میں کیٹلاگ جرائم میں قتل، جنسی زیادتی، منشیات کی اسمگلنگ، بدسلوکی اور تشدد جیسے جرائم شامل ہیں۔ عبدالقادر یورالوگلو نے کہا کہ ترکی میں ڈجیٹل ماحول میں سیکوریٹی بڑھانے، قانونی تعمیل، صارف کے حقوق کے تحفظ اور ایک منصفانہ معائنہ کے طریقہ کار کی ترقی میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسٹا گرام پیرنٹ میٹا نے ترکی کے قانون کی تعمیل کرنے اور پوسٹس اور مواد کو موثر طریقے سے ہٹانے کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا تھا اگر وہ بعض جرائم یا دہشت گردی کے پروپیگنڈےکے عناصر رکھتے ہیں۔