Updated: January 22, 2025, 6:59 PM IST
| Ankara
ترکی کے اسکائی ریزارٹ اور ہوٹل میں آتشزدگی کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۷۶؍ ہوگئی ہے جبکہ ۵۱؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ۷۶؍ مہلوک افراد میں سے ۴۵؍ افراد کی شناخت کر کے ان کی لاشوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
اسکائی ہوٹل میں آتشزدگی کی وجہ سے مہلوکین کی تعداد۷۶؍ ہوچکی ہے۔ تصویر: ایکس
ترکی کے اسکائی ریزارٹ ہوٹل میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۷۶؍ ہوچکی ہے جبکہ ۵۱؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس ضمن میں ترکی کے داخلی امور کے وزیر علی یرلی کایا نے کہا کہ ’’ہم دل ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ہم غم میں ہیں۔ ہم آپ کو یہ بتاناچاہتے ہیںکہ اس درد کے پیچھے چھپی ہوئی وجہ کو معلوم کیا جائے گا۔‘‘ ہوٹل کے تیسرے منزل پر رکنے والے ایک شخص اتاکان یلوکان نے آئی ایچ اے نیوزایجنسی کو بتایا کہ ’’ہوٹل کے بالائی منزلوں پر شوروغل کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں کیونکہ لوگ آتشزدگی کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے ، کچھ افراد نے کمبل اور شیٹس کی مدد سے ہوٹل کی بالائی منزلوں سے کودنے کی بھی کوشش کی۔بالائی منزلوں پر لوگ چیخ رہے تھے۔ انہوں نے کمبل اور شیٹس لئے اورکودنے کی کوشش بھی کی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ترکی: کرتلکیا اسکائی ریزارٹ میں آتشزدگی، ۱۰؍ افراد ہلاک، ۳۲؍ زخمی
یرلی کایا نے کہا کہ ’’۷۶؍ مہلوک افراد میں سےاب تک صرف ۴۵؍ افراد کی شناخت کی جاسکی ہے جبکہ باقی ماندہ متاثرین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔۴۵؍ لاشوں کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اب تک ہم باقی افراد کی شناخت نہیں کر سکے ہیں۔‘‘
وزیر صحت کمال میمی سوگلونے کہا کہ ’’ایک زخمی شخص کی حالت نازک ہے جبکہ دیگر ۱۷؍افراد کو علاج کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’ہوٹل میں کل ۲۳۸؍ افراد رکے ہوئے تھے۔ آتشزدگی کی شروعات صبح ۳؍ بجکر ۲۷؍منٹ پر ہوئی تھی۔ فائر ڈپارٹمنٹ ۴؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر پہنچا تھا۔‘‘ حکومت نے آتشزدگی کی وجہ سےمعلوم کرنے کیلئے ۶؍ پراسیکیوٹرز مقرر کئے ہیں۔تحقیقات کے تحت ۹؍افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔قبل ازیں ترکی کے وزیر انصاف یلماز ٹنک نے کہا تھا کہ ’’تفتیش کیلئے حراست میں لئے گئے افراد میں ہوٹل کے مالک بھی ہیں۔‘‘