شیو سینا سربراہ نے کہا کہ ’’ بی جے پی کے ہندوتوا کی ملک کو ضرورت نہیں ہے کیوں کہ وہ جلاکر راکھ کردیتا ہے جبکہ ہمارا ہندوتوا لوگوں کےپیٹ کی آگ بجھاتا ہے۔ ‘‘
EPAPER
Updated: November 18, 2024, 10:16 AM IST | Agency | Mumbai
شیو سینا سربراہ نے کہا کہ ’’ بی جے پی کے ہندوتوا کی ملک کو ضرورت نہیں ہے کیوں کہ وہ جلاکر راکھ کردیتا ہے جبکہ ہمارا ہندوتوا لوگوں کےپیٹ کی آگ بجھاتا ہے۔ ‘‘
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لئے ۲۰؍ نومبر کو پولنگ ہے۔ اس لئے جیسے جیسے ووٹنگ کی تاریخ قریب آتی جا رہی ہے یہاں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچتی جا رہی ہیں۔ اس درمیان شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ’’ ووٹوں کا دھرم یدھ‘‘ والے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا ہے کہ کیا یہ الیکشن کمیشن کے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کرتا ہے؟ اُدھو نے کہا کہ ہمارا ہندوتوا لوگوں کے گھروں میں چولہے جلاتا ہے جبکہ بی جے پی کا ہندوتو انہیں جلا کر راکھ کر دیتا ہے۔ایسے ہندوتوا کی ملک کو کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ادھو ٹھاکرے نےڈومبیولی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپنی پارٹی کے انتخابی ترانہ سے `’’جئے بھوانی، جئے شیواجی‘‘ کے لفظ ہٹانے کیلئے کہا گیا تھا لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
ٹھاکرے نے کہا کہ دیویندر فرنویس نے `ووٹوں کا دھرم یُدھ کی اپیل کی ہے، اسی لئے میں انتخابی کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ کیا `دھرم یدھ آپ کے مثالی ضابطہ اخلاق کی ڈکشنری میں فٹ بیٹھتا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ یہ پارٹی موقع پرست لیڈروںسے بھری ہوئی ہے جو باہر سے آئے ہیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ وہ بی جے پی جو اپنے کارکنان کی قربانی کی وجہ سے آگے بڑھی، اب وہ ایک ہائبرڈ بن گئی ہے جو موقع پرست سیاستدانوں کی افزائش گاہ بن چکی ہے۔ ادھو نے اپیل کی کہ ایسی پارٹی کو ووٹ دینے کا مطلب یہی ہے کہ ان مفاد پرست سیاستدانوں کو پھلنے پھولنے کا موقع دیا جائے۔ اس لئے میری اپیل ہے کہ بی جے پی کو قطعی ووٹ نہ دیا جائے۔