ریاستی وزیر اور بی جے پی لیڈر چندر شیکھر باونکولے نے عمر کھیڑ دورے پر بی جے پی میں شامل ہونےو الے لیڈران اور کارکنان کا استقبال کیا۔
EPAPER
Updated: February 24, 2025, 5:57 PM IST | Evat Mahal
ریاستی وزیر اور بی جے پی لیڈر چندر شیکھر باونکولے نے عمر کھیڑ دورے پر بی جے پی میں شامل ہونےو الے لیڈران اور کارکنان کا استقبال کیا۔
عمرکھیڑ اسمبلی حلقہ سے کانگریس پارٹی کے دو سابق اراکین اسمبلی نے اپنے سینکڑوں کارکنان کے ساتھ ریاستی صدر اور وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ بی جے پی میں شمولیت کی یہ تقریب سنیچر کی رات عمرکھیڑ میں منعقد کی گئی۔ خیال رہے کہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد سے ہی کانگریس لیڈروں میں ناراض چل رہی تھی۔ جس کا فائدہ بی جے پی نے حاصل کیا اور ناراض لیڈروں کو پارٹی میں جگہ دی۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق رکن اسمبلی پرکاش پاٹل دیوسارکر نے میڈیاکے نمائندوں کو بتایا کہ وہ بی جے پی کے ضلع کوآرڈینیٹر نتن بھتڑا کی قیادت میں پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ جبکہ کانگریس کے دوسرے سابق رکن اسمبلی وجئے کھڑسے نے کہا کہ وہ کانگریس میں مقامی لیڈروں کی ناانصافیوں پریشان ہو کر پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ضلع پریشد کے سابق صدر رمیش چوہان بھی کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اے آئی کے بعد ٹیکنالوجی میں ایک اور انقلاب
اس موقع پر تینوں لیڈروں نے یقین دلایا کہ وہ بی جے پی قیادت کی طرف سے دی جانے والی ذمہ داری کو پوری ایمانداری سے نبھائیں گے۔ عہدہ نہیں عزت چاہئے کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں سابق اراکین اسمبلی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ آنے والے وقت میں نگر پریشد، نگر پنچایت، ضلع پریشد کے تمام انتخابات بھاری ووٹوں سے جیت کر دکھائیں گے۔ باونکولے نے بھی اس بات کا یقین دلایا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے ہر شخص کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جائے گا۔ اس موقع پر عمرکھیڑ کے رکن اسمبلی کِسن وانکھیڑے نے باونکولے سے عمرکھیڑ تعلقہ کے مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے بات چیت کی۔ باونکولے نے ان تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
عمر کھیڑ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں رکن اسمبلی سنجے کوٹے، بی جے پی کے ضلع صدر مہادیو سُپارے، کوآرڈینیٹر نتن بھتڑا، سابق رکن اسمبلی اتم راؤ انگلے، نام دیو سسانے، آرتی پھوپاٹے، سدرشن راوتے، مہیش کالیشورکر وغیرہ موجود تھے۔ سابق رکن اسمبلی کے ساتھ سابق نگر پریشد سبھاپتی کرشنا پاٹل دیوسرکر، سابق نگرپریشد صدر بھاونا اُداونت، بالاجی اُداونت، رمن راؤتے، بالو سیٹھ بھتڑا، وجے ہرڈپھکر، کشور وانکھیڈے، صاحب راؤ کدم ہیوریکر، جگدیش نارواڑے، مادھو ویدھ، رمیش آڑے وغیرہ نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔