• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

قحط سے دوچار سوڈان میں خوراک سے لدے یو این امدادی قافلوں کی آمد

Updated: January 21, 2025, 5:57 PM IST | Khartoum

اقوام متحدہ کا امدادی قافلہ خوراک اور غذائیت کا سامان لے کر سوڈان کے شہر ود مدنی پہنچ گیا ہے جہاں ہزاروں لوگ قحط کے دھانے پر ہیں۔ ڈبلیو ایف پی کے مطابق ایک سال سے زیادہ عرصہ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس کا کوئی امدادی قافلہ اس علاقے میں پہنچا ہے۔

A WFP aid convoy stands ready to depart from Port of Sudan to areas affected by civil war. Photo: INN.
ڈبلیو ایف پی کا ایک امدادی قافلہ پورٹ آف سوڈان سے خانہ جنگی سے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہونے کیلئے تیار کھڑا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

اقوام متحدہ کا امدادی قافلہ خوراک اور غذائیت کا سامان لے کر سوڈان کے شہر ود مدنی پہنچ گیا ہے جہاں ہزاروں لوگ قحط کے دھانے پر ہیں۔ عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے بتایا ہے کہ ایک سال سے زیادہ عرصہ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس کا کوئی امدادی قافلہ اس علاقے میں پہنچا ہے۔ ود مدنی ۲۰۲۳ءکے اواخر میں خانہ جنگی کی لپیٹ میں آگیا تھا جس کے بعد وہاں تک رسائی نہایت محدود ہو گئی تھی۔ ابتداً اس شہر پر حکومت مخالف ریپڈ سپورٹ فورسیز (آر ایس ایف) نے قبضہ کر لیا تھا لیکن بعدازاں سوڈان کی مسلح افواج اسے واپس لینے میں کامیاب رہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بے خانماں فلسطینی اپنی تباہ حال بستیوں کی طرف لوٹنے لگے

تباہ کن غذائی عدم تحفظ
ملک میں اپریل۲۰۲۳ء سے جاری خانہ جنگی میں بھاری توپخانہ، لڑاکا جنگی جہاز اور ڈرون طیارے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ اس لڑائی میں اب تک کم از کم۲۹؍ ہزار ۶۰۰؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور ملک میں نقل مکانی کے سب سے بڑے بحران نے جنم لیا ہے۔ سوڈان کے ایک کروڑ۱۵؍لاکھ شہری اندرون ملک بےگھر ہو چکے ہیں جبکہ ۳۲؍ لاکھ نے ہمسایہ ممالک میں پناہ لے رکھی ہے۔ جنگ کے باعث خوراک کے نظام اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان حالات میں لاکھوں لوگوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے حکام نے سلامتی کونسل کو بتایا تھا کہ ریاست شمالی ڈارفر میں زمزم، السالم اور ابو شوق پناہ گزین کیمپوں اور مغربی کوہ نوبا کے علاقوں سمیت پانچ جگہوں پر قحط پھیل گیا ہے جو دیگر علاقوں کی جانب بھی بڑھ رہا ہے۔ 
متعدد جگہوں پر قحط پھیلنے کا اعلان ہونے سے پہلے ہی ہزاروں لوگ بھوک سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ تازہ ترین اندازوں کے مطابق، بحران زدہ علاقوں میں ۱۶؍ فیصد گھرانوں کو تباہ کن درجے کے غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک سے قحط کا خاتمہ کرنے میں مدد کرے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK