بلجیم کے بعد اب کینیڈا میں طلبہ کااسرائیل مخالف احتجاج رنگ لایا،اونٹاریو انتظامیہ نےمظاہرین کوتحریری طور پر تیقن دیا۔
EPAPER
Updated: May 24, 2024, 9:57 AM IST | Agency | Ottawa/London/Washington
بلجیم کے بعد اب کینیڈا میں طلبہ کااسرائیل مخالف احتجاج رنگ لایا،اونٹاریو انتظامیہ نےمظاہرین کوتحریری طور پر تیقن دیا۔
کینیڈا کی انٹاریو یونیوسٹی غزہ کے تنازع سے پیسہ کمانے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری نہ کرنے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے والا کینیڈا کا پہلا بڑا تعلیمی ادارہ بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق اونٹاریو ٹیک یونیورسٹی کے منتظمین اور احتجاج کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اسرائیل کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے ختم ہوگئے ہیں۔ خیال رہےکہ امریکی یونیورسٹیوں میں احتجاجی مظاہرے۱۸؍ اپریل سے شروع ہوئے تھے، یہ احتجاج سب سے پہلے نیویارک یونیورسٹی میں ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے امریکہ کی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی پھیل گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیشی رکن پارلیمنٹ انوار العظیم کا قتل منصوبہ بند تھا: پولیس
اونٹاریو یونیورسٹی نے طلبا کو بھیجے گئے معاہدے کی ایک کاپی کے مطابق اس معاہدے پر پیر کو دستخط ہوئے تھے، اس میں یونیورسٹی کی جانب سے متعدد وعدے شامل ہیں جس میں یونیورسٹی نے اتفاق کیا معاہدے پر دستخط کرنے کے۲۴؍گھنٹوں کے اندر کیمپس میں موجود احتجاجی کیمپ کو ختم کر دیا جائے۔ معاہدے میں بیان کردہ وعدوں میں سے ایک یہ ہے کہ یونیورسٹی ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کے طریقوں پر عمل کرے گی، یونیورسٹی نے کہا کہ وہ کسی بھی ایسی کمپنی میں سرمایہ کاری نہیں کرے گی جو فلسطین میں جاری انسانی بحران سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ جلد یونیورسٹی کی تمام سرمایہ کاری اور مالیاتی ہولڈنگز کا خاکہ پیش کرتے ہوئے ایک رپورٹ عوامی طور پر جاری کریں گے۔ معاہدے کے تحت یونیورسٹی ایک ذمہ دار سرمایہ کاری کا ورکنگ گروپ قائم کرے گی جو بہترین طریقوں کا جائزہ لے گی اور سفارشات پیش کرے گی کہ یونیورسٹی اپنی سرمایہ کاری میں ماحولیاتی، سماجی، اور گورننس عوامل تک کیسے پہنچ سکتی ہے، یہ ہتھیاروں کی تیاری اور ترسیل میں مصروف کمپنیوں یا فلسطین یا دیگر خطوں میں فوجی کارروائیوں سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں پر خصوصی توجہ دے گی۔ اتنا ہی نہیں یونیورسٹی نے جنگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کیلئے ۳؍انڈرگریجویٹ اسکالرشپس کی فنڈ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبہ اور پولیس میں جھڑپ
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبہ نے وی سی آفس پر احتجاج کیا جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق طلبہ اور پولیس میں ہاتھا پائی کے دوران متعدد طلبہ زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے دو طالب علموں کو گرفتار کیا جس کے بعد دیگر طلبہ کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی دفاتر کو حفاظتی طور پر تالے لگا دیے گئے جبکہ طلبہ نے یونیورسٹی کے دفاتر کے باہر پلے کارڈ آویزاں کیے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے پولیس چیف کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
لاس اینجلس میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے پولیس چیف کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ العربیہ کے مطابق وائس چانسلر میری اوساکو نے بدھ کو ایک بیان میں کہا، جنوری میں باضابطہ طور پر مقرر کردہ یو سی ایل اے پولیس چیف جان تھامس کو ’’ہمارے حفاظتی عمل کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں عارضی طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ‘‘