• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بہار کے متعدد اضلاع میں سیلاب سے غیر معمولی تباہی

Updated: September 30, 2024, 12:26 PM IST | Inquilab News Network | Patna

متعدد گاؤں زیر آب ، دھان کی فصل ڈوب گئی، ٹرینیں منسوخ، لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔

A flooded village in Spole. Image, revolution
سپول میں ایک سیلاب زدہ گاؤںکامنظر۔ تصویر،انقلاب

نیپال میں مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست میں واقع ندیوں نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے۔ اتوار کی دوپہر ۲؍ بجے سیتامڑھی ضلع کے بیلسنڈ بلاک کےمدھکول گاؤں میں باگمتی کا بایاں پشتہ تقریباً۸۰؍ فٹ تک ٹوٹ گیاہےجس کے باعث اولی پور، جعفر پور، مدھکول، چین پور، کنسار، بیلسنڈ سمیت درجنوں گاؤں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ کئی مکانات زیر آب آگئے ہیں اور لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئےہیں۔ گنڈک کا پانی مغربی چمپارن ضلع کے بگہا شہر کے ۷؍ وارڈوں میں داخل ہو گیا ہے۔ ارریہ ضلع میں سیلاب سے تباہی ہے۔ بانکا ضلع میں دھان کی فصل ڈوب گئی۔ شیوہر کے بیلوا میں پشتے کے ٹوٹنے کاخطرہ بڑھ گیاہے اورلوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ اتوارکو والمیکی نگر بیراج سے ۳؍ لاکھ ۶۱؍ ہزار اور کوسی بیراج سے۶ء۶۸؍ لاکھ کیوسیک پانی چھوڑا گیا تاہم کوسی بیراج پر پانی کا دباؤ کم ہو رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’ہمیں ڈاکٹر انجینئر چاہئیں، ملّا نہیں‘‘، ہیمنت بسوا کی شرانگیزی

ارریہ کےجوگبنی اسٹیشن پر ریلوے ٹریک پر پانی بھرنے سے ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ۔ تمام ٹرینوں کو اگلے احکامات تک منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اتوار کی صبح سے تمام ٹرینیں جوگبنی کے بجائے فاربس گنج سے چلائی جارہی ہیں۔ قابل ذکرہےکہ جوگبنی نیپال سے متصل ہندوستانی علاقے کا آخری اسٹیشن ہے، یہاں سے کٹیہار کیلئے براہ راست ٹرین سروس ہے۔ ندیوں کی سطح میں اضافے کے پیش نظر۲۰؍اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ گوپال گنج کے دیارا کے نچلے علاقے میں گنڈک ندی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے راجدھانی پٹنہ میں این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے میڈیاسے کہا کہ بہارمیں سیلاب کی صورتحال سنگین ہےلیکن ریاستی اور مرکزی حکومت کی حالات پرنظر ہے۔ اضلاع میں این ڈی آرایف کی ٹیمیں مستعدہیں۔ اس کے علاوہ تین ٹیمیں بہٹا، تین ٹیمیں وارانسی اور دوٹیمیں جھارکھنڈ میں ریزرورکھی گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK