• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اترپردیش: چندی گڑھ ڈبروگڑھ ایکسپریس کا حادثہ، ۴؍ ہلاک، ۲۰؍ سے زائد زخمی

Updated: July 18, 2024, 6:13 PM IST | Lucknow

اترپردیش کے ضلع گونڈا میں چندی گڑھ ڈبرو گڑھ ایکسپریس کے ۴؍ ڈبے پٹری سے اتر گئے جس کے سبب ۴؍ مسافر کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ۲۰؍ زخمی ہوئے ہیں۔ ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کے بہترین علاج کو ممکن بنائیں اور راحت رسانی کے کاموں پر توجہ دیں۔ شمال مشرقی ریلوے کے سی آر پی او نے بتایا کہ حادثے کے سبب اس روٹ سے چلنے والی متعدد ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ کچھ ٹرینیوں کے رُخ تبدیل کئے گئے ہیں۔

Passengers can be seen on the sides of train coaches. Photo: PTI
مسافروں کو ٹرین کے ڈبوں کے اطراف دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اترپردیش کے ضلع گونڈا میں چندی گڑھ ۔ ڈبروگڑھ ایکسپریس کے کچھ ڈبے پٹری سے اتر گئے جس کے نتیجے میں ۴؍ مسافر ہلاک ہوا ہے جبکہ ۲۰؍ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ اترپردیش کے گوںڈا اور جھولاہی کے درمیان پکاروا کے مقام پر پیش آیا ہے۔

تاہم، راحت رسانی کے کام کیلئے ریسکیو ٹیم کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا ہے۔ حادثے کے بعد سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد مسافر اپنے سامان کے ساتھ پڑی کے پاس کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: نکہت زرین پیرس اولمپکس کیلئے تیار، رِنگ میں چیلنج سے پُرمقابلوں کیلئے پُر عزم

ٹرین نمبر ۱۵۹۰۴ء چندی گڑھ سے آسام کے ڈبروگڑھ جا رہی تھی۔ جھولاہی ریلوے اسٹیشن سے پہلے ٹرین کے ۱۲؍ کوچوں میں سے ۴؍ اے سی کمپارٹمنٹ پٹری سے اتر گئے تھے۔ اس ضمن میں شمال مشرقی ریلوے کے سی آر پی او پنکج سنگھ نے بتایا کہ اس روٹ سے جانے والے متعدد ٹرینیں حادثے کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں جبکہ متعدد ٹرینیوں کے روٹ تبدیل کئے گئے ہیں۔ 

ٹرین کے ڈبے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

ایک مسافر نے بتایا کہ ’’میں نے کھڑکیاں بند کی تھیں، میں شکرگزار ہوں کہ محفوظ ہوں۔ مجھے کوئی تکلیف نہیں پیش آئی، بالکل ٹھیک ہوں۔‘‘ سوشل میڈیا پر اس حادثے کی ویڈیوز میں لوگوں کو پڑی سے اترے ڈبوں کے نیچے سے اپنے سامان نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کو اس حادثے سے آگاہ کیا گیا ہے اور انتظامیہ حالات پرنظر رکھے ہوئے ہے۔

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں نے گونڈا ضلع میں ہونے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے میں نے ضلعی انتظامیہ کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ جائے حادثہ پر پہنچیں اور راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لائیں۔‘‘

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ کے دفتر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’وزیر اعلیٰ نے ضلعی حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ زخمیوں کو فوری طورپر اسپتال منتقل کریںاور ان کے بہترین علاج کا انتظام کریں۔‘‘ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔شمال مشرقی ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کئے ہیں۔‘‘

مسافر ٹرین حادثے کا ویڈیو بناتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK