یوپی کی یوگی حکومت نے اعلان کیا کہ ریونیو کوڈ کی دفعہ ۶۷؍ کے مطابق بہرائچ، شراوستی، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، بلرام پور، اور لکھیم پور کھیری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سیکڑوں تجاوزات کو صاف کر دیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: April 28, 2025, 10:06 PM IST | Lucknow
یوپی کی یوگی حکومت نے اعلان کیا کہ ریونیو کوڈ کی دفعہ ۶۷؍ کے مطابق بہرائچ، شراوستی، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، بلرام پور، اور لکھیم پور کھیری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سیکڑوں تجاوزات کو صاف کر دیا گیا ہے۔
اتر پردیش کے حکام نے ہندوستان نیپال سرحد کے ۱۵؍ کلومیٹر کے دائرے میں واقع کم از کم ۲۰؍ مساجد اور مدارس کو مسمار کردیا۔ اتوار کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں یوگی حکومت نے اعلان کیا کہ ریونیو کوڈ کی دفعہ ۶۷؍ کے مطابق بہرائچ، شراوستی، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، بلرام پور، اور لکھیم پور کھیری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سیکڑوں تجاوزات کو صاف کر دیا گیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق شراوستی ضلع میں ۱۷؍ غیر تسلیم شدہ مدارس کے خلاف کارروائی کی گئی، تحصیل بھنگہ میں ۱۰؍ اور تحصیل جمونہا میں ۷۔ اس ضمن میں شراوستی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ایکس پوسٹ کیا کہ ’’حکومت کی ہدایت کے مطابق، ضلع میں غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے اور غیر تسلیم شدہ مدارس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہیں تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی درست دستاویزات پیش کرنے میں ناکامی کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: TISS وہاٹس ایپ گروپس میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پیغامات
ضلع سدھارتھ نگر کی تحصیل نوگڑھ میں سرکاری اراضی پر بنائی گئی مسجد اور مدرسہ سمیت پانچ ڈھانچے منہدم کر دیے گئے۔ مزید برآں، حکومت کے بیان کے مطابق، ضلع کی تحصیل شوہرت گڑھ میں چھ مقامات پر غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی۔ لکھیم پور کھیری ضلع کی پالیا تحصیل میں، کرشنا نگر کالونی میں غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ مسجد کو منہدم کر دیا گیا۔ بہرائچ کی نانپارہ تحصیل میں، ہند نیپال سرحد کے قریب ۲۲۷؍ تجاوزات کی نشاندہی کی گئی جبکہ اس سے قبل ۶۳؍ تجاوزات کا صفایا کیا گیا تھا۔ ۲۵؍ سے ۲۷؍ اپریل کے درمیان مزید ۲۶؍ تجاوزات ہٹا دی گئیں، جس سے کل تعداد ۸۹؍ ہوگئی۔
تاہم، حکام نے بتایا کہ ان تجاوزات والی جگہوں پر کوئی مذہبی یا تعلیمی ڈھانچہ نہیں ملا۔ مہاراج گنج ضلع میں، فرینڈہ، نوتنوا، اور نکلول تحصیلوں میں تجاوزات کی نشاندہی کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ جبکہ ایک کیس عدالت میں زیر التوا ہے، باقی معاملات کیلئے فی الحال بے دخلی اور مسماری کی کارروائی جاری ہے۔ بلرام پور ضلع میں، سرکاری اراضی پر تجاوزات کے سات واقعات رپورٹ ہوئے جن میں بلرام پور تحصیل میں پانچ اور تحصیل تلسی پور میں دو۔ حکام کے مطابق، جبکہ دو تجاوزات کرنے والوں نے رضاکارانہ طور پر زمین خالی کر دی، دیگر کیلئے بے دخلی کی کارروائی جاری ہے۔