Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو پی آئی سروسیز میں ایک بار پھر خلل، صارفین کو ادائیگیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

Updated: April 12, 2025, 10:00 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

اکنامک ٹائمز کے مطابق، یہ گزشتہ ایک ماہ میں تیسری بڑی خرابی ہے، جس نے گوگل پے، فون پے اور پے ٹی ایم سمیت دیگر بڑے یو پی آئی ادائیگی کے پلیٹ فارمز کو متاثر کیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ملک میں بڑے پیمانے پر استعمال کئے جانے والے آنلائن ادائیگی کے نظام یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) کو سنیچر کو ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس خلل کے نتیجہ میں ہزاروں صارفین آنلائن طرز سے ادائیگیاں مکمل کرنے سے قاصر رہے۔ اکنامک ٹائمز کے مطابق، یہ گزشتہ ایک ماہ میں تیسری بڑی خرابی ہے، جس نے گوگل پے، فون پے اور پے ٹی ایم سمیت دیگر بڑے یو پی آئی ادائیگی کے پلیٹ فارمز کو متاثر کیا۔ 

ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق، دوپہر تک سوشل میڈیا پر یو پی آئی سروسز سے متعلق شکایات کی تعداد ۲ ہزار سے تجاوز کر گئی جن میں بیشتر شکایتیں ادائیگیوں اور رقم منتقلی سے متعلق تھیں۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، "یو پی آئی آج پھر سے ڈاؤن ہے، کئی گھنٹوں سے کوشش کر رہا ہوں لیکن کوئی لین دین کامیاب نہیں ہو رہا ہے۔" دوسرے صارف نے لکھا، "نقد نہ رکھنے کی وجہ سے آج دکانداروں کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑی۔" واضح رہے کہ یو پی آئی ہندوستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور ۲۰۲۴ء کے آخر تک ۸۳ فیصد لین دین اسی کے توسط سے کئے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: یو پی آئی لین دین کے تعلق سے آر بی آئی کا اہم اعلان

یو پی آئی نظام کو تیار کرنے والی نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) نے ایک بیان میں "وقتی تکنیکی مسائل" کو تسلیم کیا اور کہا کہ وہ اسے حل کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ تاہم، این پی سی آئی نے تکنیکی خلل کی اصل وجہ یا اس کے مکمل حل کے وقت کے بارے میں کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یو پی آئی خدمات میں اس طرح کی بار بار خرابیوں سے صارفین کا اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر چھوٹے کاروباری افراد اور دکاندار، جو روزانہ کے لین دین کیلئے یو پی آئی پر انحصار کرتے ہیں، اس خلل سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سروسیز کی بحالی تک نقد یا دیگر ادائیگی کے طریقوں کا استعمال کریں۔ این پی سی آئی نے صارفین کو ہونے والی تکالیف پر افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ جلد از جلد سسٹم کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK