امریکہ کے سفارت خانے نے بدھ کو اعلان کیا کہ اس نے۲؍ ہزارسے زائد ویزا درخواستوں کو دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی وجہ سے منسوخ کر دیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 27, 2025, 10:07 PM IST | Washington
امریکہ کے سفارت خانے نے بدھ کو اعلان کیا کہ اس نے۲؍ ہزارسے زائد ویزا درخواستوں کو دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی وجہ سے منسوخ کر دیا ہے۔
امریکہ کے سفارت خانے نے بدھ کو اعلان کیا کہ اس نے۲؍ ہزارسے زائد ویزا درخواستوں کو دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کی وجہ سے منسوخ کر دیا ہے۔ سفارت خانے نے وضاحت کی کہ ویزا اپوائنٹمنٹ شیڈولنگ سسٹم میں ’’خراب عناصر‘‘ کی جانب سے بڑی خلاف ورزیاں کی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ان سے وابستہ اکاؤنٹس کے شیڈولنگ حقوق معطل کر دیئے گئے ہیں۔ سفارت خانے نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایجنٹس اور دلالوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اہم نوٹس شیئر کرتے ہوئے کہا:’’قونصلر ٹیم انڈیا بوٹس کے ذریعے کی گئی تقریباً۲؍ ہزار ویزااپوائنٹمنٹس منسوخ کر رہی ہے۔ ہم ان ایجنٹس اور دلالوں کے خلاف زیرو ٹالرینس رکھتے ہیں جو ہمارے شیڈولنگ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: لیلۃ القدر کے موقع پر مسجد حرم اور نبوی میں ۳۰؍ لاکھ سے زائد زائرین جمع ہوئے
دہلی پولیس نے ویزا فراڈ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
۲۷؍ فروری کو دہلی پولیس نے ویزا اور پاسپورٹ ایجنٹس کے خلاف مقدمہ درج کیا، جب امریکی سفارت خانے نے ایک ویزا فراڈ کا انکشاف کیا۔ سفارت خانے کے مطابق، یہ ایجنٹس امریکی حکومت کو جعلی دستاویزات جمع کروا کر دھوکہ دے رہے تھے تاکہ درخواست دہندگان کیلئے ویزا حاصل کیا جا سکے۔ مئی سے اگست۲۰۲۳ء کے درمیان سفارت خانے نے ایک داخلی تحقیقات کی جس میں ۳۰؍ ایجنٹس کی نشاندہی کی گئی جو متعدد آئی پی ایڈریسز کے ذریعے مختلف ویزا کنسلٹنٹس، جعلی دستاویزات فراہم کرنے والے، پاسپورٹ ڈلیوری سروسیز اور تعلیمی مشیروں سے منسلک تھے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی پینل کا خالصتان علاحدگی پسندوں کو نشانہ بنانے پر ’را‘ پرپابندی کا مطالبہ
تحقیقات جاری، امریکہ کی سخت سرحدی پالیسی
یہ ویزا اپوائنٹمنٹس کی منسوخی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ نے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارت سنبھالنے کے دو ماہ بعد ہی ہزاروں افراد کو غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کئے گئے وعدوں کے تحت ملک بدر کر دیا گیا ہے، جن میں ’’ ڈنکی روٹ‘‘کے ذریعے امریکہ جانے والے بھی شامل ہیں۔ امریکی حکومت ویزا اور امیگریشن فراڈ پر سختی سے قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔