• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ: مشرق وسطیٰ جنگ کے خلاف مظاہرے، اسرائیل کو جنگی معاونت بند کرنے کا مطالبہ

Updated: September 25, 2024, 8:13 PM IST | Washington

اسرائیل کے ذریعے غزہ جنگ اب لبنان میں بھی پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، اس کے خلاف امریکہ میں کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے ، ان مظاہرین نے اسرائیل کو دئے جانے والے اسلحہ اور جنگی معاونت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

A scene from an anti-war demonstration in America. Photo: PTI
امریکہ میں جنگ مخالف مظاہرے کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسرائیل کے ذریعے غزہ جنگ اور اب اس جنگ کی مشرق وسطیٰ میں توسیع کےخدشہ کے پیش نظر جنگ مخالف تنظیموں نے امریکہ کے کئی شہروں میں مظاہرے کئے اور امریکہ کے ذریعے اسرائیل کو فراہم کئے جارہے اسلحوں پر پابندی کا مطالبہ کیا۔نیو یارک کے ہیرالڈ اسکوائر میں درجنوں مظاہرین نے لبنان جنگ مخالف نعرے لگائے۔ساتھ ہی انہوں نے نسل پرستی کی بھی مخالفت کی۔ان مظاہرین نے ’’آزاد فلسطین ‘‘ کے حق میں نعرے لگائےاور بائیڈن، ہیرس، ٹرمپ،اور نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شہر میں خیر مقدم نہیں ہے۔ اسی قسم کا ایک چھوٹا سا مظاہرہ واشنگٹن میں کیا گیا۔جس میں مظاہرین بارش میں بھی پوسٹر اور بینر لئے مظاہرہ کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھئے: آسام: کچوتالی گاؤں میں ۱۵۰؍ خاندانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلائے گئے

ان مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی اور اب لبنان تک جنگ کی توسیع محض امریکہ کے فراہم کردہ  بموں، جنگی طیاروں، اور میزائلوں کے سبب ہی ممکن ہو سکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے مظاہرے دیگر شہروں میں بھی منعقد کئے جائیں گے، جن میں سان فرانسسکو، سیٹل، سان انٹونیو، اور فونکس اہم ہیں۔واضح رہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مخالفت کے باوجود امریکہ نے اسرائیل کو مہلک اسلحوں کی فراہمی جاری رکھی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: لبنان: اسرائیلی بہیمانہ حملوں میں شدید جانی و مالی نقصان، حزب اللہ کی جوابی کارروائی

پیر کو لبنان میں اسرائیلی حملوں میں۵۰۰؍ افراد جاں بحق ہوئے جن میں ۵۰؍ بچے شامل ہیں۔جبکہ دیگر ۱۸۰۰؍ افراد زخمی ہیں۔اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے حزب اللہ کو نشانہ بناکر یہ حملے کئے ، جبکہ حزب اللہ نے بھی جواب میں اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا۔اس کے نتیجے میں اس جنگ کے مشرق وسطیٰ میں پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، جو خطے میں عدم استحکام پیدا کر دے گا۔اقوام متحدہ کے متعدد ارکان اسی ہفتے امریکہ میں ملاقات کر چکے ہیں، ان ملاقات میں جنگ کا موضوع سر فہرست تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK