Updated: October 27, 2024, 9:32 PM IST
| Washington
امریکہ میں محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی (ڈی ایچ ایس) نے غیر قانونی طور پر مقیم ہندوستانی شہریوں کو حراست میں لیا ہے اور انہیں ملک بدری کے عمل میں اس ہفتے وطن واپس بھیج دیا ہے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ ۲۰۱۰ءکے بعد کسی بھی سال کے مقابلے میں سال ۲۰۲۴ءمیں سب سے زیادہ لوگوں کو ملک سے نکالا یا واپس کیا اور اس کے ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ کارروائی جاری رہے گی۔
امریکہ میں محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی (ڈی ایچ ایس) نے غیر قانونی طور پر مقیم ہندوستانی شہریوں کو حراست میں لیا ہے اور انہیں ملک بدری کے عمل میں اس ہفتے وطن واپس بھیج دیا ہے ۔ ڈی ایچ ایس نے ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی تاہم بے دخل کیے گئے ہندوستانیوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ نے یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے ذریعہ ۲۲؍اکتوبر کو امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہندوستانی شہریوں کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ ہندوستان بھیج دیا۔ بیان کے مطابق اس ہفتے کی پرواز حکومت ہند اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ غیر قانونی نقل مکانی کو کم کرنے ‘ روکنے اور انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کیلئے ہمارے مسلسل تعاون کی پیروی کرتی ہے ۔ ڈی ایچ ایس امریکی امیگریشن قوانین کو نافذ کرتا ہے اور غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتا ہے ۔ جون ۲۰۲۴ء میں بارڈر سیکیورٹی کے صدارتی اعلان اور اس کے ساتھ عبوری حتمی اصول نافذ ہونے کے بعد سے جنوب مغربی سرحد پر داخلی مقامات پر غیر قانونی امیگریشن کے معاملات میں ۵۵؍فیصد کمی آئی ہے ۔ اس سال جون سے ڈی ایچ ایس نے ۱؍ لاکھ ۶۰؍ ہزارسے زیادہ افراد کو لو ٹایا یا واپس کیا ہے اور ہندوستان سمیت ۱۴۵؍سے زیادہ ممالک کیلئے ۴۹۵؍سے زیادہ بین الاقوامی وطن واپسی کی پروازیں چلائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئئے: غزہ جنگ: شمالی غزہ کے تمام لوگوں کی ہلاکت کا خطرہ: جوئس مسویا
بیان کے مطابق امریکہ میں رہائش کیلئے ضروری قانونی بنیادوں کے بغیر مقیم ہندوستانی شہریوں کو تیزی سےلوٹایا جا رہا ہے ۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا محکمہ غیر قانونی نقل مکانی کو کم کرنے ، محفوظ، قانونی اور منظم راستوں کے استعمال کو فروغ دینے اور کمزور لوگوں کی اسمگلنگ اور استحصال کرنے والے بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے کارروائی کرنے کا مجاز ہے ۔ڈی ایچ ایس نے گزشتہ سال کے دوران کولمبیا، ایکواڈور، پیرو، مصر، موریطانیہ، سینیگال، ازبکستان، چین اور ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک سے غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کیا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے ۲۰۱۰ءکے بعد کسی بھی سال کے مقابلے میں سال ۲۰۲۴ءمیں سب سے زیادہ لوگوں کو ملک سے نکالا یا واپس کیا اور اس کے ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ کارروائی جاری رہے گی۔