• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے پردنیا بھر سے مبارکبادونیک خواہشات کا اظہار

Updated: November 07, 2024, 11:26 AM IST | New Delhi

نریندرمودی، طیب اردگان،ایمانویل میکرون،شہبازشریف سمیت کئی سربراہان مملکت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ تہنیتی پیغام جاری کئے۔

Prime Minister Modi shaking hands with President Trump. File photo
وزیراعظم مودی ،صدرٹرمپ سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔ فائل فوٹو

امریکی صدارتی انتخاب میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی دنیا بھر سے سفارتی سطح پر مبارکباد و نیک خواہشات کا اظہار کیاگیا۔خیال رہے کہ ٹرمپ امریکہ کے۴۷؍ ویں صدر منتخب ہوئے ہیں، اور دوسری مرتبہ عہدۂ صدارت پر فائز ہو رہے ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر کو دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پیغام میں لکھا کہ’’ بھارت امریکہ تعلقات مضبوط بنانے، جامع عالمی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا منتظر ہوں۔ آئیے! مل کر اپنے لوگوں کی بہتری اور عالمی امن، استحکام اور خوش حالی کو فروغ دینے کے لیے کام کریں۔‘‘ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے  ٹرمپ کو یوں مبارکباد پیش کی کہ ’’میں اپنے دوست ڈونالڈ ٹرمپ کو دوبارہ امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کے نئے دور میں امریکہ اور ترکی کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔  پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لکھا  ہے کہ ’’ہم نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کرکام کرنے کے خواہاں ہیں، دوسری بار تاریخی کامیابی پر ٹرمپ کو مبارک باد دیتا ہوں، انہوں نے امریکی انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔‘‘ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کی جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر صدربننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی الیکشن میں ڈیموکریٹس کودہراجھٹکا، کرسی ٔصدارت گنوائی،دونوں ایوان بھی ہاتھ سے گئے!

ایکس پر جاری پیغام میں یاہو نے کہا کہ ڈونالڈ اور میلانیا ٹرمپ کو تاریخ کی سب سے بڑی واپسی مبارک ہو، وہائٹ ہاؤس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکہ کیلئے ایک نئی شروعات اور اسرائیل اور امریکہ کے درمیان عظیم اتحاد کیلئے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے مبارک باد دیتے ہوئے ماضی کی طرح ایک بار پھر۴؍سال تک مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ احترام اور عزائم کے ساتھ مزید امن اور خوش حالی کے لیے ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، امریکہ و برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔علاوہ ازیں اٹلی کے وزیرِ اعظم، یوکرین کے صدر، چیک ری پبلک کے وزیرِ اعظم سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نیٹواتحاد بھی ٹرمپ کوصدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔

’’ نتائج امن یا جنگ لائیں گے‘‘

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچک نے کہا ہے کہ امریکہ  کے صدارتی انتخابات کے نتائج دنیا کیلئے امن یا تیسری عالمی جنگ لائیں گے۔ غیر  ملکی میڈیا کے مطابق ووچک نے مقامی ٹی وی ہیپی کو  انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات تمام بنی نوع انسان کے  لیے فیصلہ کن ہوں گے، کیونکہ ان کے نتائج دنیا کو امن یا تیسری عالمی جنگ  کی طرف لے جائیں گے۔  یہ انٹرویو انہوں نے امریکہ میں صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ کے آغاز سے قبل دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن  ممکنہ طور پر انسانی تاریخ کا سب سے اہم الیکشن ہے جو امن یا جنگ کا باعث  بن سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے کہ یہ انتخاب امن  کا باعث بنے یا پھر جنگ کا تسلسل جاری رکھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK