Updated: September 19, 2024, 5:28 PM IST
| Washington
ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ سے زیادہ لوگ نائب صدر کملا ہیرس کو پسند کرتے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کو اب منفی کے بجائے مثبت ردعمل مل رہا ہے جبکہ اس سروے میں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ریٹنگ مستحکم رہی۔
کملا ہیرس اور ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این۔
امریکی صدارتی انتخابات میں مقابلہ دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈیموکریٹک امیدوار اور ہندنژاد کملا ہیرس کو ووٹروں کی جانب سے پہلے سے زیادہ حمایت مل رہی ہے۔ ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ سے زیادہ لوگ نائب صدر کملا ہیرس کو پسند کرتے ہیں۔ ’اسوسی ایٹڈ پریس-این او آر سی سینٹر فار پبلک افیئر ریسرچ ‘کے ایک نئے سروے کے مطابق، کملا ہیرس کو اب ووٹروں کی جانب سے اس وقت زیادہ حمایت مل رہی ہے جب وہ جولائی۲۰۲۴ءمیں صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ہوئی تھیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کو اب منفی کے بجائے مثبت ردعمل مل رہا ہے جبکہ اس سروے میں سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ریٹنگ مستحکم رہی۔
یہ بھی پڑھئے: بلجیم نے پیجر دھماکوں کو ’’دہشت گردانہ حملہ‘‘ قراردیا، سخت مذمت کی
سروے کے مطابق تقریباً نصف رائے دہندگان کملا ہیرس کے بارے میں کسی حد تک یا بہت مثبت نظریہ رکھتے ہیں، جبکہ۴۴؍ فیصد اس کے بارے میں کسی حد تک یا بہت منفی سوچ رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی، ۱۰؍ میں سے۶؍ ووٹرز ٹرمپ کے خلاف رائے رکھتے ہیں جبکہ۱۰؍ میں سے تقریباً ۴؍ ووٹرز ان کی حمایت میں رائے رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے جولائی میں صدارتی انتخاب کی دوڑ سے اپنا نام واپس لینے اور کملا ہیرس کی حمایت کے بعد اب لوگ نائب صدر کی حمایت کرتے نظر آ رہے ہیں۔