• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ: ڈونالڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان ملاقات بدھ کو ہوگی: وہائٹ ہاؤس

Updated: November 10, 2024, 7:33 PM IST | Washington

وہائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بدھ کو نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ عہدے سے سبکدوش ہونے والے اور منصب پر فائز ہونے والے صدور کے درمیان اس قسم کی ملاقات کو روایت کا حصّہ سمجھا جاتا ہے۔

Donald Trump and Joe Biden. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن۔ تصویر: آئی این این۔

وہائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بدھ کو نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وہائٹ ہاؤس نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ڈیموکریٹ کی ملاقات اوول آفس میں ہوگی۔ عہدے سے سبکدوش ہونے والے اور منصب پر فائز ہونے والے صدور کے درمیان اس قسم کی ملاقات کو روایت کا حصّہ سمجھا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ ڈونا لڈ ٹرمپ نے روایت سے ہٹ کر۲۰۲۰ء کے صدارتی انتخابات میں ہارنے کے بعد بائیڈن کو ملاقات کی دعوت نہیں دی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے۲۰؍ جنوری۲۰۲۱ء میں افتتاحی تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ تاہم، وہائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر تقریب میں شرکت کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کنیڈا کیلئے اسٹڈی پرمٹ حاصل کرنا اب آسان نہیں، ایس ڈی ایس پروگرام ختم

امریکی صدر جو بائیڈن نے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ’مستقبل قریب‘ میں وہائٹ ہاؤس میں ملاقات کی دعوت دی تھی۔ اے ایف پی نے ترجمان وہائٹ ہاؤس کے حوالے سے بتایا تھا کہ صدر جو بائیڈن نے اقتدار کی پرامن انداز میں منتقلی کے عزم کا اظہار کیا اور ملک کو اکٹھا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جو بائیڈن نے نائب صدر کملا ہیرس سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں صدارتی انتخاب کیلئےتاریخی مہم چلانے پر مبارک باد دی۔ امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے بھی ریپبلکن امیدوار ڈونا لڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کر کے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق نائب صدر کے ایک معتمد نے بتایا کہ ڈیموکریٹ امیدوار نے ڈونا لڈ ٹرمپ سے پرامن اقتدار کی منتقلی پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب ڈونا لڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے انچارج اسٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں لیڈران نے الیکشن مہم ختم ہونے کے بعد قوم میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق نومنتخب امریکی صدر نے صدارتی مہم کے دوران کملا ہیرس کی استقامت اور پروفیشنلزم کو سراہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK